شہباز شریف گھر بیٹھے ہی وزیراعظم بن گئے، باپ بیٹے کی ضمانتیں منسوخ کرائیں گے: فواد چودھری

شہباز شریف گھر بیٹھے ہی وزیراعظم بن گئے، باپ بیٹے کی ضمانتیں منسوخ کرائیں گے: فواد چودھری
وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ شہباز شریف گھر بیٹھے ہی وزیراعظم بن گئے، باپ بیٹے کی ضمانتیں منسوخ کرائیں گے۔ انشاء اللہ پرویز الہیٰ نئے وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عدالت سے کہیں گے ان کیخلاف عدالتی کارروائی کو شروع کریں۔ باپ، بیٹے دونوں پر ہی کیسز ہیں۔ ان کی شیروانیاں سلوائی رہ جائیں گی۔ پاجامے نہیں ملیں گے۔ منحرف اراکین کے خلاف کارروائی آگے بڑھے گی۔ قانونی ٹیم نے اپنی حکمت عملی طے کرلی۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی ایجنسی کی رپورٹ کے بعد وزیراعظم کی سیکیورٹی کو بڑھا دیا گیا ہے۔ سیکیورٹی کے حوالے سے ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ حنا ربانی کھر بھی بڑی باتیں کر رہی تھیں۔ یہ سارے بے شرم لوگوں کا ٹولہ ہے۔ پاکستان کے لوگ اس سازش کو پہچان گئے ہیں۔ آج ملک میں مظاہروں میں شرکت کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں۔ پاکستان کی قیادت غیرت مند لیڈر کے پاس رہے گی۔ یہ ملک ڈرپ کے سہارے نہیں چل سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک جمہوری جماعت ہے۔ آئین سے باہر کوئی کام نہیں کرینگے۔ چوروں کے گروپ کی سوچ ہی ٹرانسفر، پوسٹنگ جتنی ہے۔ پتا نہیں کب بڑے ہوں گے۔ یہ اسی لیے ٹرانسفر، پوسٹنگ کے لیے آنا چاہتے ہیں۔ کل سے مجھے وزارت قانون کا چارج مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا خط دکھایا جائے تو ساتھ دوں گا لیکن ان کو بلایا گیا تو وہ نہیں آئے کیونکہ ان کو تو اس سازش کا پتا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف اپنی حکومت کے بڑے فضائل بیان کر رہے تھے۔ مسلم لیگ سے ہمیں بینک کرپٹ حکومت ملی تھی۔ آج زرمبادلہ کے ذخائر ریکارڈ سطح پر ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے فیٹیف کی تلوار لٹکائی تھی۔ جون میں ہم گرے لسٹ سے نکلنے کا پورا یقین ہے، ہماری حکومت نے قطر کے ساتھ سستا ایل این جی کا سودا کیا، مسلم لیگ کی حکومت نے مہنگے معاہدے کیے تھے۔ اقامے رکھنے والے پاکستان پرمسلط رہے، بین الاقوامی سازش کے تحت فارن پپٹس کی حکومت بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، ہم فارن پپٹس کویہاں حکومت قائم نہیں کرنے دیں گے۔

اس موقع پر ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ آج بچوں کا وزیراعظم پریس کانفرنس کر رہا تھا، اتوار والے دن شہبازشریف کا خواب کرچیاں، کرچیاں ہوتے نظرآئے گا، اگرانہوں نے کامیاب ہونے کی کوشش کی تو ایک، ایک پاکستانی ان غداروں سے بدلہ لے گا، اگر شہبازشریف نے وزیراعظم بننا ہے تو نائب وزیراعظم مقصود چپڑاسی کو بنانا چاہیے، ہبازگل پاکستان کے دن اتنے برے نہیں شہبازشریف جیسا شخص وزیراعظم بنے۔