وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب، عبدالعلیم خان اور جہانگیر ترین کے گروپس نے بھی اپنا فیصلہ سنا دیا

06:57 PM, 1 Apr, 2022

نیا دور
عثمان بزدار کے استعفے کے بعد صوبہ پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے تحریک انصاف کے اہم رہنمائوں عبدالعلیم خان اور جہانگیر ترین کے گروپس نے بھی اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔

خبریں ہیں کہ پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ایوان وزیراعلیٰ میں طلب کیا گیا ہے جس میں نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان گروپس نے شرکت نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ تاہم یہ خبریں بھی ہیں کہ ترین گروپ اجلاس میں شریک ہونے کے حوالے سے تذبذب کا شکار ہے۔

ترین گروپ کے چھ اراکین پرویزالٰہی کو سپورٹ کرنے کی یقین دہانی کرواچکے ہیں۔ ترین گروپ کی اکثریت نے اجلاس میں نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ کیلئے تحریک انصاف کے چھینہ گروپ کے چودھری پرویز الٰہی کی حمایت کے اعلان کے بعد ترین اور علیم خان گروپس نے پی ٹی آئی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شرکت سے انکار کردیا۔

خیال رہے کہ چودھری پرویز الٰہی کی حمایت کے لئے تحریک انصاف کے ہم خیال گروپ چھینہ گروپ نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ چھینہ گروپ نے چودھری پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
مزیدخبریں