صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری نے حسب روایت اپنے کپتان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جھوٹ کا سہارا لے کر حکومت پنجاب کی مفت آٹا سکیم کو داغدار کرنے کی ناکام کوشش کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پنجاب میں آٹے کی تقسیم کے دوران صرف تین لوگ بھگدڑ مچنے سے جاں بحق ہوئے ہیں باقی چار لوگ ہارٹ اٹیک کی وجہ سے جان کی بازی ہارے ہیں۔ ان میں سے بھی دو کا انتقال ہسپتال میں اور دو کا گھر میں ہوا۔
نگران صوبائی وزیر نے کہا کہ فواد چوہدری کی جھوٹ کی دکان اب نہیں چل پائے گی اور کم از کم رمضان میں ہی خدا کا خوف کرتے ہوئے فواد اینڈ کمپنی کو جھوٹ بولنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔ عمران خان اور ان کے ساتھیوں میں بڑھ چڑھ کر جھوٹ بولنے کا مقابلہ ہے مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ پاکستانی عوام جھوٹ اور سچ کا فرق اچھی طرح جان چکے ہیں اب فواد جیسوں کے لیے عوام کو گمراہ کرنا ممکن نہیں ہے۔
عامر میر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں مستحقین میں مفت آٹے کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 2 کروڑ 11 لاکھ سے زائد مستحقین میں مفت آٹا تقسیم ہو چکا ہے۔