بابراعظم ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان مقرر

گزشتہ روز پی سی بی نے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کی پیشکش کی تھی جبکہ مایہ ناز بلے باز نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ تاہم پی سی بی کی جانب سے بابراعظم کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت دوبارہ سونپ دی گئی ہے۔

10:16 AM, 1 Apr, 2024

نیا دور

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو دوبارہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کردیا۔

قومی کرکٹر بابراعظم کو ایک مرتبہ پھر وائٹ بال فارمیٹ میں پاکستان ٹیم کا کپتان بنادیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کے بعد بابراعظم کو وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) فارمیٹ میں گرین شرٹس کی قیادت دوبارہ سونپ دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پی سی بی نے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کی پیشکش کی تھی جبکہ مایہ ناز بلے باز نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

گزشتہ برس آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث بابراعظم تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبر دار ہوگئے تھے جس کے بعد پی سی بی نے شاہین آفریدی کو ٹی20 اور شان مسعود کو ٹیسٹ کا کپتان مقرر کردیا تھا تاہم ون ڈے کے کپتان کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا۔

دوسری جانب شاہین آفریدی کو کپتانی ملنے کے بعد محض ایک ٹی20 سیریز میں قیادت کا موقع فراہم کیا گیا، جس میں پاکستان کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

واضح رہے کہ بابر اعظم 52 ٹیسٹ، 117 ون ڈے اور 109 ٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جبکہ ٹی20 ورلڈکپ سمیت 71 ٹی20 میچز میں پاکستانی ٹیم کی کپتانی کا اعزاز حاصل ہے۔

بابراعظم کی کپتانی میں پاکستان نے 42 میچز جیتے اور گرین شرٹس کو23 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزیدخبریں