چیف الیکشن کمشنر پر پی ڈی ایم سے ملاقات کا الزام، سب سے زیادہ ملاقاتیں خود پی ٹی آئی نے کیں، انکشاف

05:44 AM, 1 Aug, 2022

نیا دور
چیف الیکشن کمشنر پر پی ڈی ایم سے ملاقات کا الزام لگانے والے تحریک انصاف سے متعلق انکشاف ہوا ہے کہ الیکشن کمشنر سے سب سے زیادہ ملاقاتیں خود تحریک اںصاف کے رہنماؤں اور وزرا نے کیں۔

ایکسپریس ٹریبون کی رپورٹ کے مطابق پی ڈی ایم رہنماؤں سے ملاقات کرنے پر تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمشنر کے عمل کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کل جوڈیشل ریفرنس دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد آج پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی جو ایک گھنٹے تک جاری رہی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی کابینہ کے مختلف وزراء بھی چیف الیکشن کمشنر سے ان کے دفتر میں ملاقات کرتے رہے ہیں، پی ڈی ایم وفد کی الیکشن کمیشن سے ملاقات روٹین کا معاملہ ہے، پی ڈی ایم نے پورے الیکشن کمیشن سے ملاقات کی صرف چیف الیکشن کمشنر سے نہیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق چیف الیکشن کمشنر اب تک متعدد پارٹیوں کے نمائندوں سے مل چکے ہیں، دوسری پارٹیوں کے مقابلے میں اب تک سب سے زیادہ تحریک انصاف کے وزراء اور رہنماؤں نے ملاقاتیں کیں، چیف الیکشن کمشنر سیاست دانوں سے ملاقاتیں کرتے رہے ہیں لیکن تمام ملاقاتیں الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہوئیں جوکہ معمول کی بات ہے۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کا تقاضا ہے کہ جو پارٹی نمائندے ملنا چاہیں ان سے دفتر میں ملاقات کرلیں، پی ٹی آئی کی جانب سے یہ سب کچھ الیکشن کمیشن کو دباؤ اور زیر اثر لانے کے لیے کیا جا رہا ہے، کمیشن نہ تو پچھلی حکومت سے متاثر ہوا اور نہ موجودہ سے ہوگا۔
مزیدخبریں