وزیراعظم کو بتایا گیا کہ میں استعفیٰ نہیں دوں گا تو پی ڈی ایم حکومت میں آجائے گی، جام کمال

02:33 PM, 1 Dec, 2021

نیا دور
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے مستعفی ہونے کی وجوہات سے آگاہ کر دیا۔

نجی ٹی وی چینل سماء نیوز کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ میں مستعفی ہونے کے بعد صرف 10 روز کے لیے بیرون ملک کیا تھا۔ میں رکن اسمبلی ہوں اور اپنے حلقے کی خدمت اور سیاست جاری رکھوں گا۔

سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ عبدالقدوس بزنجو آج کل جن منصوبوں کا افتتاح کررہے ہیں وہ میرے دور حکومت کے منصوبے تھے جو ہماری 3 سالہ محنت کا نتیجہ ہے۔ پروگرام میں گفتگو کے دوران سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جام کمال کو کسی نے نکالا نہیں بلکہ میں نے خود استعفیٰ دیا ہے تاکہ پارٹی ٹوٹنے سے بچ جائے اور پی ڈی ایم کے لوگ حکومت کا حصہ نہ بن جائیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ رہنماؤں نے وزیراعظم کو بلوچستان کے بارے میں جو حقائق بتائے وہ درست نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو بتایا گیا تھا کہ جام کمال استعفیٰ نہیں دیتے تو بلوچستان میں پی ڈی ایم حکومت میں آجائے گی۔

جام کمال نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا صرف یہ مؤقف تھا کہ باہمی اختلافات کا فائدہ پی ڈی ایم کو نہیں ہونا چاہئیے اور پھر مجھے بھی یہ لگا کہ واقعی کہیں حالات اس طرف نہ چلے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بلامقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہونا عیجب روایت ہے جو میرے لیے باعث حیرت ہے کیوں کہ ان تمام پارٹیوں کے باہر اختلافات ہیں لیکن اسمبلی کے اندر اُن کا اتحاد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں حکومت بدلنا اس لیے آسان ہے کیوں کہ یہاں نمبر گیم چھوٹا ہے یعنی اراکین کی تعداد کم ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی ایک طرح سے اچھی بات بھی ہے اب انہیں چاہیے کہ جن چیزوں کے لیے وہ ہم پر تنقید کرتے تھے ان چیزوں کو بہتر کریں۔
مزیدخبریں