'پہلے آپ بھونکنا تو بندکرو پھر دوسروں سے بات کرنا'

04:50 PM, 1 Dec, 2022

نیا دور
پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری  نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پہلے آپ بھونکنا تو بند کرو پھر دوسروں سے بات کرنا۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے جمعرات کو نجی نیوز چینل کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے عاصمہ شیرازی کے پاکستان تحریک انصاف سے مفاہمت کے سوال پر غصے کا اظہار کیا اور عمران خان کا نام لئے بغیر کہا کہ بات کرنے کے لئے پہلے انسان کو اپنا کردار ٹھیک کرنا پڑتا ہے۔ ایسا تو نہیں ہو سکتا کہ میں بھونکتا رہوں تو کوئی اور آکر مجھ سے بات کرے گا۔ پہلے آپ بھونکنا تو بند کرو پھر دوسروں سے بات کرو۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان کی سوچ سیاسی نہیں ہے۔ وہ غلط فیصلہ کرتے تو قوم کو مشکل ہوتی۔ وہ جو کرنے جارہے تھے اسے رو ک دیا۔ کچھ چیزیں ایسی ہیں جن پر بات نہیں کرنا چاہتا کیونکہ کچھ چیزیں نہ بتانا ہی بہتر ہے۔

سابق صدر نے  پنجاب اور خیبر پختونخوا میں عدم اعتماد لانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم خیبرپختونخوا میں بھی تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔ تھوڑے دوست گمراہ ہیں، انہیں واپس لانا ہے۔ چوہدری پرویز الہیٰ ہمارا انتخاب نہیں ہوں گے ہمارے پاس اور بھی آپشنز ہیں۔

آصف زرداری نے قبل از وقت انتخابات کے بارے میں کہا کہ جلد انتخابات ہمارے اور جمہوریت کے لئے مناسب نہیں۔ اگر پی ٹی آئی اسمبلیں تحلیل کرنے مین کامیاب ہو جاتی ہے تو پھر ہم ان اسمبلیوں میں دوبارہ الیکشن کروائیں گے۔ ہم بھی دیکھتے ہیں کہ عمران خان کتنے ایم پی اے واپس اسمبلی میں لاتے ہیں۔

نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ وہ انہیں جانتے ہیں۔ وہ سب سے سینئر فوجی افسر تھے اسی لئے آرمی چیف بنے۔
مزیدخبریں