الیکشن کمیشن نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر شاہ محمد کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ان کو پانچ سال کے لیے نااہل کردیا۔
الیکشن کمیشن نے صوبائی وزیر شاہ محمد کے بیٹے مامون رشید کو بھی الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دے دیا۔
واضح رہے کہ خیبرپختون خوا کے ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل میں گزشتہ سال ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے روز پولنگ اسٹیشن پر حملے میں ملوث صوبائی وزیر شاہ محمد خان وزیر کے بھائی سمیت 21 افراد پر مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔
مقدمے میں صوبائی وزیر شاہ محمد خان وزیر کا بیٹا امیدوار تحصیل بکا خیل ملک مامون خان بھی شامل تھے ، مقدمے میں چار پولیس اہلکار بھی شامل تھے ، جو صوبائی وزیر کے بھائی ملک گل باز خان کے ساتھ ڈیوٹی پر تعنیات تھے۔ مقدمے میں تمام ملزمان پر تحصیل بکا خیل کے چند پولنگ اسٹیشنز سے انتخابی مواد چھیننے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد پر الیکشن کے روز مواد چھیننے اور عملے کو اغوا کرنے کا الزام تھا جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے ایم پی اے شاہ محمد کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔