شاہد خاقان عباسی  کی پارٹی سینیئر نائب صدر کے عہدے سے استعفے کی تردید

08:58 AM, 1 Feb, 2023

نیا دور
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ترجمان حافظ عثمان نے شاہد خاقان عباسی کے استعفے کی تردید کرتے ہوئے خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

ترجمان حافظ عثمان نے نیا دور سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے استعفے کے متعلق خبروں کی سختی سے تردید کی اور  کہا کہ سابق وزیر اعظم پارٹی رکنیت یا پارٹی عہدے سے مستعفی نہیں ہوئے۔ شاہد خاقان عباسی پارٹی کے سینئر نائب صدر ہیں استعفے کی خبر بے بنیاد ہے۔ ترجمان نے سوال اٹھایا کہ جب عباسی صاحب نے مشکل ترین دور میں پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا، تو اب کیوں چھوڑیں گے؟

انہوں نے کہا کہ ہم نے 1998 میں آزاد حیثیت سے انتخاب لڑا جیتا اور مسلم لیگ میں شامل ہوئے۔ شاہد خاقان عباسی نے 1999 میں پرویز مشرف دور میں زندگی مشکل میں ڈالی۔ انہوں نے جیل کاٹی لیکن اپنے مشن سے نہ ہٹے۔  نواز شریف نے شاہد خاقان عباسی کو وزیر اعظم بنایا اور بطور وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا میرا لیڈر نواز شریف ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن کے ساتھ ہیں اور پارٹی کے سینئر نائب صدر ہیں۔ وہ پارٹی کے قائد میاں محمد نواز شریف کے ساتھ ہیں۔ اور ہم پارٹی کے ساتھ اسی طرح کھڑے ہیں جیسے پہلے تھے۔

قبل ازیں نجی چینل کی جانب سے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ شاہد خاقان عباسی مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدارت کےعہدے سےمستعفی ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر پارٹی نے ان سے راہیں جد کرلیں تو وہ گھر جانا پسند کریں گے۔

شاہدخاقان عباسی نےکہاکہ انہوں ںے تین سال قبل نوازشریف پر واضح کردیا تھا کہ اگر مریم نواز کو پارٹی میں سینیئر عہدے پر لایا گیا تو ان کے لیے پارٹی میں رہنا ممکن نہیں ہوگا۔
مزیدخبریں