ایران: 2017 میں انقلاب مخالف احتجاج کو ہوا دینے کا الزام، صحافی کو سزائے موت سنا دی گئی

03:25 PM, 1 Jul, 2020

نیا دور
ایرانی عدالت نے 2017 میں معاشی اصلاحات کے لیے جاری احتجاج کی آن لائن خبریں دینے اور سوشل میڈیا پر مظاہروں پر اکسانے کے الزام میں صحافی روح اللہ زم کو سزائے موت سنا دی۔

واضح رہے کہ صحافی روح اللہ زم ایک برس تک جلا وطنی کے بعد 2019 میں ایران واپس آئے تھے، جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق موت کی سزا پانے والے صحافی روح اللہ ایران میں انقلاب مخالف ویب سائٹ اور ٹیلی گرام چینل کے منتظم تھے۔

تسنیم خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے منگل کو بتایا کہ عماد نیوز کے منتظم کو فساد فی الارض (زمین پر فساد پھیلانے) کا مجرم قرار دیا گیا ہے۔

اسماعیلی کے حوالے سے بتایا گیا کہ سزا کا یہ فیصلہ حتمی نہیں ہے اس کے خلاف اپیل کی جا سکتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق موت کی سزا پانے والے صحافی کی ویب سائٹ عماد نیوز پر ایرانی حکومت کے خلاف مواد اپ لوڈ کیا جاتا تھا جو ایران میں قابل سزا جرم ہے۔
مزیدخبریں