پیٹرول 8 روپے فی لیٹر سستا ہو گیا

07:05 AM, 1 Jun, 2023

نیا دور
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ 15 روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ قیمتوں میں کمی کے اعلان کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 262 روپے فی لیٹر ہوگی۔

پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے، ڈیزل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5، 5 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جون رات 12 بجے سے ہوگا اور یہ 15 جون تک قائم رہیں گی۔

بدھ کی رات کو وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ پچھلی دفعہ پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے کی کمی کی گئی جس میں مزید 8 روپے کم کیے جا رہے ہیں یوں اس کی مجموعی قیمت 20 روپے کم ہوگئی ہے۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 270 سے کم کرکے 262 روپے کردی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کی قیمت میں پچھلی دفعہ 30 روپے کی کمی کی تھی اور اب اس میں مزید  5 روپے کم کردیئے گئے ہیں۔ ہائی سپیڈڈیزل کی قیمت میں 5روپےفی لیٹر کمی کی گئی ہے۔ جس کے بعد ہائی سپیڈڈیزل 258 روپے سے کم ہو کر 253 روپےفی لیٹر ہوگیا ہے۔ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5روپے کی کمی کر دی گئی اور نئی قیمت 152 روپے 68 پیسے سے 147 روپے 68 پیسے ہے۔

انہوں نے کہا کہ مٹی کے تیل کی قیمت 164 روپے 7 پیسے پر برقرار رہے گی۔

https://twitter.com/FinMinistryPak/status/1663979337815605253?s=20

خیال رہے کہ اس سے قبل 15 مئی کو وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 روپے کم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین 16 مئی سے 31 مئی تک کرنا ہے، وزیراعظم اور ان کی حکومت کی ہر مہینے بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ ریلیف بین الاقوامی مارکیٹ کی بنیاد پر پاس کی جائے۔ اگلے 15 دنوں کے لیے پٹرول کی نئی قیمت 282 روپے سے کم ہو کر 270 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 30 روپے فی لیٹر کمی کے بعد 288 روپے سے کم ہو کر 258 روپے فی لیٹر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ مٹی کے تیل میں 12 روپے فی لیٹر کم کی جا رہی ہے اور اس کی قیمت 176 روپے 7 پیسے سے کم ہو کر 164 روپے 7 پیسے فی لیٹر نئی قیمت ہو جائے گی۔ لائٹ ڈیزل آئل کی فی لیٹر قیمت 164 روپے 68 پیسے سے کم ہو کر 152 روپے 68 پیسے مقرر کی جا رہی ہے۔
مزیدخبریں