مسلم لیگ ن میں شمولیت کی خبریں، ریاض فتیانہ کے نام سے بنے سوشل میڈیا اکائونٹس سے تردید

12:57 PM, 1 Mar, 2022

نیا دور
گذشتہ روز سے میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ فیصل ڈویژن کے 8 اراکین اسمبلی پی ٹی آئی چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہونے جا رہے ہیں۔ ان میں ریاض فتیانہ کا نام بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ ریاض فتیانہ 2018ء کے الیکشن میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر ٹوبہ ٹیک سنگھ کے حلقہ این اے 113 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ تاہم اب ریاض فتیانہ نے تحریک انصاف کو چھوڑنے کی خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

https://twitter.com/FatyanaRiaz/status/1498252881908092928?s=20&t=1fTrQE0z_oM__UCZyPauGQ

ممبر قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کے نام سے چلنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اس خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ میں اے آر وائی نیوز پر تحریک انصاف سے نکل کر ن لیگ میں شمولیت کی خبر کی پرزور تردید کرتا ہوں۔ یہ محض ڈس انفارمیشن مہم کا حصہ ہے۔ قومی اسمبلی میں ٹی وی چینل کے خلاف تحریک استحقاق پیش کر دی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: فیصل آباد ڈویژن سے پی ٹی آئی کے تمام اراکین اسمبلی مسلم لیگ ن میں شمولیت کیلئے تیار

خیال رہے کہ گذشتہ روز اے آر وائی نیوز نے خبر دی تھی کہ فیصل آباد ڈویژن کے آٹھ پی ٹی آئی اراکین نے مسلم لیگ ن کو پارٹی میں شمولیت کا گرین سگنل دیدیا ہے۔ اس گروپ کی قیادت راجہ ریاض کر رہے ہیں۔

خبر میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے کو تیار یہ 8 اراکین اسمبلی پہلے بھی اپنی سیاسی وفاداریاں تبدیل کر چکے ہیں۔ ان میں سرفہرست راجہ ریاض ہے جن کا فیصل آباد ڈویژن میں کافی اثرورسوخ ہے۔ وہ پہلے ہی پارٹی قیادت سے شدید ناراض ہیں۔



اے آر وائی نیوز کے مطابق دیگر اراکین اسمبلی میں نصر اللہ گھمن، عاصم نذیر، نواب شیر وسیر، ریاض فتیانہ، خرم شہزاد، غلام بی بی بھروانہ اور غلام محمد لالہ شامل ہیں جنھیں تحریک انصاف سے غداری کے بدلے مسلم لیگ ن کا ٹکٹ ملے گا۔
مزیدخبریں