توہین عدالت کیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا

فیصلے کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا اور جرمانہ کیا گیا ہے. جبکہ ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ جیل اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے.ایس ایچ او کو بھی دو ماہ جیل اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔

12:23 PM, 1 Mar, 2024

نیا دور

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی غیر قانونی گرفتاریوں کے کیس میں  اختیارات سے تجاوز پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن اور ایس ایس پی آپریشنز کو مِس کنڈکٹ کا مرتکب قرار دیتے ہوئے بالترتیب 6 ماہ اور 4 ماہ قید کی سزا سنائی ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار نے شہریار آفریدی کی گرفتاری کے لیے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کیخلاف توہین عدالت کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے عرفان نواز میمن اختیارات سے تجاوز پر مس کنڈکٹ کے مرتکب قرار دیدیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی فیصلے کی کاپی وزیراعظم پاکستان کو بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے اپیل کیلئے وقت دیتے ہوئے ایک ماہ تک سزا معطل بھی کر دی۔

آئی جی اسلام آباد، ڈی سی اسلام آباد، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس پی صدر عدالت میں پیش ہوئے۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ایس ایس پی آپریشنز ملک جمیل ظفر توہین عدالت کے مرتکب قرار پائے ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

فیصلے کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا اور جرمانہ کیا گیا ہے. جبکہ ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ جیل اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے.ایس ایچ او کو بھی دو ماہ جیل اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔

ایس پی صدر فاروق بٹر  کو توہین عدالت کیس میں بری کر دیا گیا۔

عدالت نے عدالتی آرڈر کی کاپی وزیراعظم پاکستان کو بیھجنے کی ہدایت کی ہے۔

مختصر سزا ہونے کی وجہ سے عدالت نے ایک ماہ کے لیے سزائیں معطل کر دیں۔

عدالت کا کہنا تھا کہ 30 روز میں اپیل کا وقت ہے۔ اپیل خارج ہوئی تو افسران جیل جائیں گے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر نے توہین عدالت کیس کا سنگل بینچ کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈی سی اسلام آباد اور دیگر کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل آج دائر ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ڈی سی اسلام آباد نے عدالت غیرمشروط معافی مانگی تھی جسے مسترد کرتے ہوئے گزشتہ مہینے اُن پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

مزیدخبریں