صدارتی الیکشن 9 مارچ کو ہو گا، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا

شیڈول میں بتایا گیا کہ صدارتی الیکشن کے لیے پولنگ پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔ آئین کے مطابق صدارتی انتخاب کا ریٹرننگ افسر چیف الیکشن کمشنر ہوتا ہے۔

12:56 PM, 1 Mar, 2024

نیا دور

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی طرف سے صدارتی الیکشن کا شیڈول جاری کردیا گیا۔ صدارتی الیکشن کے لیے پولنگ 9 مارچ کو ہوگی۔ آصف علی زرداری حکومتی اتحادیوں کی جانب سے صدارتی امیدوار ہوں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدارتی انتخابات 2024 کے لیے پولنگ 9 مارچ کو ہوگی۔ پولنگ کا عمل 9 مارچ کو صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گا۔ 

الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی الیکشن کیلئے 2 مارچ دن 12 بجے تک کاغذات جمع کرائے جاسکیں گے۔کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 4 مارچ کو ہوگی۔ 5 مارچ کو دوپہر 12 بجے تک صدارتی امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جبکہ صدارتی امیدواروں کی حتمی فہرست 5 مارچ کو 1 بجے آویزاں کی جائے گی اور 9 مارچ کو صدارتی الیکشن ہو گا۔

شیڈول میں مزید بتایا گیا کہ صدارتی الیکشن کے لیے پولنگ پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔ آئین کے مطابق صدارتی انتخاب کا ریٹرننگ افسر چیف الیکشن کمشنر ہوتا ہے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

واضح رہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی 5 سالہ آئینی مدت 8 ستمبر 2023 کو ختم ہو چکی ہے لیکن نگران سیٹ اپ ہونے کی وجہ سے وہ تاحال صدر پاکستان کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔

 موجودہ صدر مملکت عارف علوی نے 9 ستمبر 2018 کو حلف اٹھایا تھا تاہم وہ اضافی 6 مہینے صدر مملکت کے عہدے پر براجمان رہے کیوںکہ قومی و صوبائی اسمبلیاں ٹوٹنے سے الیکٹورل کالج نامکمل تھا۔

آئین کے مطابق صدر کا چناؤ سینیٹ، قومی اسمبلی اور تمام صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل الیکٹورل کالج کرتا ہے۔اور الیکشن ہونے کے ایک ماہ تک صدر اپنے عہدے پر فائز رہ سکتے ہیں۔

عام انتخابات 2024 کے نتائج کے بعد قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں عوام کے ووٹوں سے منتخب ہو کر اراکین پارلیمان میں پہنچے ہیں اور اب قومی اسمبلی سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکین پاکستان کے نئے صدر کے انتخاب کے لئے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

دوسری طرف قومی اسمبلی کے نئے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب آج ہورہا ہے جس کے لیے اراکین قومی اسمبلی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ سپیکر اسمبلی کیلئے مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ایاز صادق جبکہ پیپلز پارٹی کے غلام مصطفیٰ شاہ ڈپٹی سپیکر کے امیدوار ہیں۔

مزیدخبریں