بھارت: بارودی سرنگ کا دھماکا، 16 پولیس کمانڈوز ہلاک

11:30 AM, 1 May, 2019

نیا دور
ناگپور: بھارت میں ماؤ نواز جنگجوؤں کے حملے میں 16 بھارتی پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاستوں مہاراشٹرا اور چھتیس گڑھ کی سرحد پر اُس وقت بارودی سرنگ کا زوردار دھماکا ہوگیا جب وہاں سے کوئیک ریسپونس ٹیم کے کمانڈوز کی گاڑی گزر رہی تھی جس کے نتیجے میں 15 اہلکار اور ایک ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔

ابتدائی تحقیقات کےمطابق یہ علیحدگی پسند ماؤ باغیوں کی کارروائی معلوم ہوتی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ریاست مہاشٹر کے علاقے گڈ چرولی میں ایک وین پولیس کمانڈوز کو لے کر جا رہی تھی کہ زمین میں نصب بارودی سرنگ دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں 16 پولیس کمانڈوز ہلاک ہوئے ہیں۔

ماؤ نواز جنگجوؤں نے تازہ کارروائی ’ہفتہ شہدا‘ منانے کے بعد کی جس کے دوران ماؤ نواز باغیوں کے رہنماؤں نے مودی سرکار سے بدلہ لینے کی دھمکی بھی دی تھی۔ ماؤ نواز باغی یہ ہفتہ ریاستی آپریشن کے دوران اپنی تنظیم کے 40 ارکان کی ہلاکت کی یاد میں مناتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ماؤ نواز باغیوں کی ایک کارروائی میں حکمراں جماعت کے رکن اسمبلی سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے جب کہ محض چند روز بعد ایک اور حملے میں 3 پولیس اہلکار ماؤ نواز جنگجوؤں کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔
مزیدخبریں