’نیا گورنر لگانا چاہتا ہوں، آپ استعفیٰ دے دیں‘ وزیراعظم نے گورنر بلوچستان کو خط لکھ دیا

08:09 AM, 1 May, 2021

نیا دور
وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے گورنر جسٹس (ر) امان اللہ خان یاسین زئی کو استعفیٰ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش سیاسی چیلنجز کے پیش نظر نیا گورنر تعینات کرنے کا ارادہ ہے۔

وزیراعظم نے اپنے خط میں امان اللہ خان یاسین زئی کو لکھا کہ میں صوبے میں نیا گورنر تعینات کرنا چاہتا ہوں، آپ گورنربلوچستان کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خط کے مندرجات کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ 'بلوچستان میں عوام کے مسائل کے حل اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے آپ کے ساتھ کام کرکے مطمئن ہوں تاہم موجودہ سیاسی حالات، وقت کی ضرورت اور پاکستان کے عوام کی خواہشات کی تکمیل کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔

عمران خان نے کہا کہ میں بلوچستان میں نیا گورنر تعینات کرنا چاہتا ہوں اور اسی لیے آپ سے استعفے کی درخواست ہے۔اس سے آپ کی اہلیت اور کارکردگی پر کوئی برا تاثر نہیں جائیگا بلکہ یہ پاکستان کو درپیش سیاسی چیلنجز کی ضرورت ہے اور میں تبدیلی پر یقین رکھتا ہوں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے دو روز قبل کوئٹہ کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے کہا تھا کہ حکومت انفراسٹرکچر اور انسانی فلاح کے منصوبوں کے ذریعے بلوچستان میں انقلاب لانا چاہتی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے کوئٹہ میں ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی کی تبدیلی کا مطالبہ بھی کیا گیا تھا اور ان سے کہا گیا تھا کہ کے پی، پنجاب اور سندھ کی طرح بلوچستان میں بھی پارٹی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو گورنر بنایا جائے ، جس پر وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے پارلیمانی اراکین سے نئے نام مانگ لیے تھے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی بلوچستان کے پارلیمانی اراکین نےگذشتہ روز گورنر کیلئے پارلیمانی اراکین جن ناموں پر غور کررہے ہین ان میں پی ٹی آئی کے صوبائی صدر ڈاکٹر منیر بلوچ، پارٹی رہنما ہمایوں جوگیزئی اور ظہور آغا کے نام شامل ہیں ۔

خیال رہے کہ جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی کو اکتوبر 2018 کو وزیراعظم عمران خان کی سفارش پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلوچستان کا گورنر تعینات کیا تھا۔ گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی نے اس سے قبل 2005 سے 2009 تک بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دی تھیں اور بظاہر سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس کا سامنا کرنے سے بچنے کے لیے دیگر 4 ججوں کے ہمراہ استعفیٰ دے دیا تھا۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس نے 3 نومبر 2007 میں اس وقت کے فوجی حکمران جنرل پرویز مشرف کی جانب سے نافذ کی گئی ایمرجنسی کے بعد پی سی او کے تحت حلف اٹھایا تھا۔ بعد ازاں پی سی او ججوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے 31 جولائی 2009 کے فیصلے کے تحت 2009 میں امان اللہ یاسین زئی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا۔

نئے گورنر بلوچستان کے لئے وزیراعظم پیر کو کا حتمی فیصلہ کریں گے ، وزیراعظم عمران خان، ظہورآغا کو گورنربلوچستان بنانے کےخواہاں ہیں جبکہ بلوچستان عوامی پارٹی نے سینیٹر نصیب اللہ بازئی کا نام فائنل کیا ہے۔
مزیدخبریں