پارلیمنٹ کے اندر تبدیلی پارلیمنٹ کا آئینی حق ہے،شہبازشریف

11:30 AM, 1 Nov, 2019

نیا دور
اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تبدیلی پہلے نہیں آئی تھی بلکہ اب آئی ہے، عمران خان کی کنٹینر کی سیاست آج یہاں دفن ہورہی ہے، عوام کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر عمران خان کی سلیکٹڈ حکومت کو خس و خاشاک کی طرح بہا لے جائے گا، اب عمران خان کی چیخیں نکالنے کا وقت آگیا، جب تک ملک کی عمران خان سے جان نہیں چھوٹتی ہم اس کی جان نہیں چھوڑیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی آپ نے کنٹینر کی سیاست شروع کی تھی،  میرے قائد نواز شریف کی قیادت میں اسپتالوں میں مفت دوائیں غریب اور نادار لوگوں کو ملتی تھیں، آج ان سے دوائیاں چھین لی گئی ہیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر تبدیلی پارلیمنٹ کا آئینی حق ہے۔ اقتدارملا اور6 ماہ میں حالات بہتر نہ کر سکے تومیرا نام عمران خان نیازی رکھ دینا۔ 

یہ بھی پڑھیں: ’انِ ہاؤس تبدیلی آ سکتی ہے‘

یاد رہے مرکزی قافلہ جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں اتوار کی سہ پہر تین بجے شہر قائد سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہوا، کراچی سے چلا قافلہ حیدرآباد، مٹیاری، نوابشاہ، نوشہرو فیروز، خیرپور سے ہوتا ہوا سکھر پہنچا، جہاں پہلی رات پڑاؤ کیا، پیر کی صبح کارروان سکھر سے گھوٹکی، صادق آباد، رحیم یارخان اور اوچ شریف سے ہوتا ہوا ملتان پہنچا۔

منگل کو قافلے نے ملتان سے خانیوال، میاں چنوں ، چیچہ وطنی، ساہیوال، اوکاڑہ اور پتوکی سے لاہور کا رخ کیا، رات بسر کرنے کے بعد صبح قافلہ منزل کی طرف گامزن ہوا، زندہ دلان شہر سے قافلہ مرید کے، گوجرانوالہ، گجرات، کھاریاں، جہلم، گوجرخان پہنچا جہاں رات قیام کی، مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور مقامی قیادت نے شہر شہر استقبال کیا، مولانا فضل الرحمان بھی پر جوش خطاب سے کارکنوں کا حوصلہ بڑھاتے رہے۔

آزادی مارچ کے شرکا نے بھی مختلف انداز اپنائے، کسی نے سیلفی بنائی تو کوئی کرین پر چڑھ کر شہریوں کو اپنی جانب متوجہ کرتا نظر آیا، جے یوآئی قیادت کنٹینر پر موجود رہی اور صلاح مشورے بھی ہوتے رہے۔

 

 
مزیدخبریں