گوگل نے اپنا ڈوڈل فاروق قیصر المعروف ’انکل سرگم‘ کے نام کردیا

انکل سرگم معروف لکھاری، فنکار، صحافی، پپٹ میکر، کارٹونسٹ اور استاد فاروق قیصر کا تخلیق کردہ کردار تھا جسے انہوں نے اپنی آواز بخشی جو دہائیوں تک ٹی وی ہی نہیں ریڈیو پر بھی گونجتی رہی بلکہ آج بھی یوٹیوب پر موجود ان کے پروگراموں پر بڑی تعداد میں ویوز موجود ہیں۔

02:23 PM, 1 Nov, 2023

نیا دور

دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے پاکستان کےمعروف مزاح نگار فاروق قیصر المعروف ’انکل سرگم‘ کی 78ویں سالگرہ کے موقع پر اپنا ڈوڈل بھی ان کے نام کردیا۔

انکل سرگم معروف لکھاری، فنکار، صحافی، پپٹ میکر، کارٹونسٹ اور استاد فاروق قیصر کا تخلیق کردہ کردار تھا جسے انہوں نے اپنی آواز بخشی جو دہائیوں تک ٹی وی ہی نہیں ریڈیو پر بھی گونجتی رہی بلکہ آج بھی یوٹیوب پر موجود ان کے پروگراموں پر بڑی تعداد میں ویوز موجود ہیں۔

گوگل نے فاروق قیصر کی فنکارانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں ان کی 78 ویں سالگرہ پر اپنے ڈوڈل کو انکل سرگم میں تبدیل کردیا۔   گوگل کے آئیکون پر کلک کرتے ہی پرانی طرز کی ٹی وی سکرین سامنے آتی ہے  جس میں ان کے مشہور پتلی تماشا کردار ’انکل سرگم‘ کی تصویر دیکھی جا سکتی ہے۔تصویر میں انکل سرگم  ہاتھ اٹھائے کچھ معنی خیز بات کرتے دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی ایک اور مقبول کردار ماسی مصیبتے بھی بیٹھی ہیں۔

فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے گریجویشن نیشنل کالج آف فائن آرٹس لاہور سے کی جبکہ اسی مضمون میں ماسٹرز رومانیہ سے کیا اور اس کے بعد کیلیفورنیا کی یونیورسٹی سے ابلاغیات کی ماسٹر ڈگری حاصل کی۔

فاروق قیصر نے 70 کی دہائی میں فنی زندگی کا آغاز کیا۔ ابتدا میں انہوں نے ریڈیو اور پی ٹی وی کے لیے خاکے لکھے تاہم انہیں 'انکل سرگم' کے کردار سے شہرت ملی۔ جو پہلی بار 1976  میں بچوں کے اُردو زبان کے پروگرام 'کلیاں' میں ادا کیا گیا۔ فاروق قیصر نے انکل سرگم کو اپنی آواز دی تھی ۔ کارٹونسٹ اور اخباری کالم نگاربھی رہے۔

1993  میں صدرِ پاکستان سے تمغہ حسنِ کارکردگی سے نوازے گئے۔ 14 مئی 2021 کو انتقال کرگئے۔

گوگل اس سے قبل بھی اپنا ڈوڈل پاکستان کی معروف شخصیات کے نام کرتا رہا ہے جن میں وحید مراد، نصرت فتح علی خان، مہدی حسن، اقبال بانو اور دوسرے فنکار شامل ہیں۔

مزیدخبریں