انہوں نے مزید کہا کہ ’ایسا وزیراعظم صرف عمران خان ہی ہے جو اقوام متحدہ میں جا کر اپنی خوبصورت زبان ’اردو‘ میں بات کرتا ہے۔‘
وزیر مملکت برائے ماحولیات کے اس بیان پر ٹوئٹر صارفین نے ان کا خوب مذاق اڑایا تاہم اب زرتاج گل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر وزیراعظم عمران خان کی تقریر کی تعریف والی میری ویڈیو بہت پرانی ہے۔
ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال لوک ورثہ میں بچوں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یہ الفاظ ادا کیے تھے۔ زرتاج گل نے کہا کہ دراصل میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں گزشتہ برس اردو میں کی گئی تقریر کا حوالہ دے رہی تھی، میری زبان پھسل گئی اور وزیراعظم عمران خان بول دیا، یہ الفاظ ادا کرنے کے بعد میں نے تصحیح بھی کر دی تھی مگر ویڈیو لگانے والے نے اسے ایڈٹ کر دیا۔
وزیر مملکت برائے ماحولیات نے کہا کہ ایسی چیزوں کا وائرل ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ مخالفین کو عمران خان کی ٹیم کا کوئی کرپشن اسکینڈل نہیں مل رہا اسی لیے وہ ویڈیو کلپس کو توڑ جوڑ کر ہماری شہرت خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔