تفصیلات کے مطابق پولیس نے مقتول کی شناخت حکیم ستنام سنگھ کے نام سے کی جنہیں فقیر آباد تھانے کی حدود میں ان کے کلینک میں نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمان نے ستنام سنگھ پر فائرنگ کی اور جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
مقتول کے بھائی نے مقامی پولیس کو بتایا کہ ستنام سنگھ محلہ جوگن شاہ میں اپنے گھر سے کلینک گئے تھے جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے انہیں قتل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ستنام سنگھ نے کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی۔
فقیر آباد تھانے کے ایس ایچ او اعجاز نبی کا کہنا تھا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فی الوقت یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ ہے یا اس کے پیچھے کوئی اور محرک ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بیان میں سکھ حکیم کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے سٹی پولیس کو واقعے میں ملوث ملزمان کو تلاش کرکے ان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔