فنڈز کی عدم دستیابی، اسلام آباد شہدائے پولیس کے لواحقین کو واجبات ادا نہیں کرسکتے، وزیر داخلہ

01:28 PM, 1 Oct, 2021

عبداللہ مومند

اسلام آباد : وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے قومی اسمبلی کو تحریری جواب جمع کرتے ہوئے آگاہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت اسلام آباد پولیس کے شہداء اور دوران سروس مرنے والوں کے لواحقین سمیت ریٹائرڈ ہونے والے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی ملازمین کو فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے واجبات اور معاوضے ادا نہیں کرسکتی اور جیسے ہی حکومت کے پاس فنڈز دستیاب ہوں گے تو بقایاجات ادا کردیئے جائیں گے۔

قومی اسمبلی میں ممبر قومی اسمبلی شازیہ مری کی جانب سے پوچھے گئے سوال کہ کیا واقعی اسلام آباد پولیس اپنے ان ملازمین کو واجبات ادا نہیں کرسکتی جو دوران سروس وفات پاچکے ہیں یا شہید کئے جاچکے ہیں؟ شازیہ مری نے اپنے سوال کے دوسرے حصے میں وزیر داخلہ سے سوال پوچھا تھا کہ اس میں کتنی سچائی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس سے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو تاحال واجبات ادا نہیں کئے گئے؟

وزیر داخلہ کی جانب سے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ فروری 2018سے اب تک حکومت نے اسلام آباد پولیس کے شہداء' مرنے اور ریٹائرڈ ہونے والے اہلکاروں کو قابل ادائیگی واجبات ادا نہیں کئے کیونکہ فنڈز کی کمی کا سامنا ہے.

وزیر داخلہ نے اپنے تحریری جواب میں کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران اسلام آباد پولیس نے واجبات ادا کرنے کے لئے ضمنی گرانٹ کی درخواست کی تھی مگر وزارت خزانہ نے اس کی منظوری نہیں دی اور رقوم فراہم نہیں کی گئی.

نیا دور میڈیا کو ملنے والے مزید دستاویزات کے مطابق اسلام آباد پولیس میں دوران سروس مرنے یا شہید ہونے والے پولیس فورس کے 127 میں سے صرف دو خاندانوں کو واجبات ادا کئے گئے۔ دستاویزات کے مطابق کل چار کروڑ 47 لاکھ کے واجبات میں سے حکومت نے صرف دو لاکھ پانچ ہزار روپےادا کئے ہیں۔

اسلام آباد پولیس سے ریٹائرڈ، فوت اور شہید ہونے والے 163 دیگر پولیس اہلکاروں کے لواحقین کو بھی تاحال معاوضہ اور واجبات کی مد میں رقوم ادا نہیں کی گئیں۔ دستاویزات کے مطابق پولیس کے 163شہدا اور مرنے والوں میں سے صرف پانچ خاندانوں کو رقوم ادا کی گئی۔

تفصیلات کی مطابق پولیس اہلکاروں کے لواحقین کے کل واجبات 27 کروڑ روپے ہیں جن میں سے صرف دو کروڑ 68 لاکھ روپے ادا کئے گئے۔ اسلام آباد پولیس میں دوران سروس فوت یا شہید ہونے والے اہلکاروں کے بچوں کی تعلیمی اخراجات کو پورا کرنے کے لئے 353 خاندانوں نے رقوم مانگیں تھیں مگر حکومت اس مد میں بھی اسلام آباد پولیس کے لواحقین کو کوئی ریلیف نہیں دیں سکی تاکہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کے تعلیمی سلسلے کو جاری رکھا جاسکے. تفصیلات کے مطابق شہداء اور مرنے والے پولیس اہلکاروں کے 353 خاندانوں نے بچوں کی تعلیم کو جاری رکھنے کی مد میں 1کروڑ روپے کی رقوم مانگی تھیں مگر تاحال رقوم ادا نہیں کی گئیں۔

اسلام آباد پولیس میں دوران سروس مرنے یا شہید ہونے والے چوبیس اہلکاروں کے لواحقین نے بچوں کی شادیوں کے اخراجات پوری کرنے کے لئے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ مانگی تھی لیکن وہ رقوم بھی ادا تک ادا نہیں کی گئیں۔
مزیدخبریں