یہ بات انہوں نے آج اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہی تھی۔ شوکت ترین نے کہا تھا کہ خطے کے دیگر ممالک سے پاکستان کا موازنہ کیا جائے تو بھارت اور بنگلا دیش کے مقابلے میں ہمارے یہاں پیٹرول آج بھی سستا ہے۔
خیال رہے کہ قیمتوں میں حالیہ اضافے سے پاکستان میں پیٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فیکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لٹر اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کے دعوے کا جائزہ لیا جائے تو پوری دنیا میں اس وقت سب سے کم قیمت پر پیٹرول ملتا ہے وہ جنوب امریکا کا ملک وینزویلا ہے۔ اس ملک میں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت پاکستانی کرنسی میں صرف 4 روپے ہے۔ ہانگ کانگ دنیا کا ایک ایسا علاقہ ہے جہاں سب سے مہنگا پیٹرول فروخت کیا جاتا ہے، وہاں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 400 روپے سے زائد ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں فی لیٹر پیٹرول 100 روپے، متحدہ عرب امارات میں 112 روپے، ایران میں 10 روپے، ترکی میں 150 روپے، بنگلا دیش میں 176 روپے، چین میں 200 روپے، انڈیا میں 235 روپے، برطانیہ میں 310 روپے فی لیٹر ہے۔
تاہم یہ بات ذہن میں رہے کہ ان ممالک میں مہنگائی کی شرح، عوام کا معیار زندگی، کرنسی کی ویلیو اور فی کس آمدنی کی اہمیت اپنی جگہ موجود ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔