دھمکی آمیز زبان استعمال کرنے کے مقدمے میں عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

02:36 PM, 1 Oct, 2022

نیا دور
اسلام آباد: تھانہ مارگلہ پولیس کی درخواست پر سینئر سول جج رانا مجاہد رحیم نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف دفعہ 144، دفعہ 504، دفعہ 506، دفعہ 188 اور دفعہ 189 کے تحت تھانہ مارگلہ ٹاؤن میں 20 اگست کو مقدمہ درج کروایا گیا تھا۔ اس مقدمے کے تحت ملزم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے لیے آج عدالت سے رجوع کیا گیا تھا جس پر مقامی عدالت نے وارنٹ جاری کر دیئے ہیں۔



خیال رہے کہ 20 اگست کو عمران خان نے شہباز گل پر مبینہ تشدد کے خلاف آئی جی اور ڈی آئی جی اسلام آباد کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اسی دوران انہوں نے شہباز گل کا ریمانڈ دینے والی جوڈیشل میجسٹریٹ زیبا چودھری کے خلاف دھمکی آمیز زبان بھی استعمال کی تھی۔

اس کے بعد عمران خان کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے تحت عمران خان کے خلاف یہ کیس سیشن کورٹ کو منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
مزیدخبریں