ترین گروپ وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے حمزہ شہباز کی حمایت کرے گا: اسحاق ڈار

06:41 AM, 2 Apr, 2022

نیا دور
پنجاب میں حکومت سازی کیلئے سیاسی رابطوں کا سلسلہ تیز ہو گیا، جہانگیر ترین نے وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے اپوزیشن کے متفقہ امیدوار حمزہ شہباز شریف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

جہانگیر ترین کی ن لیگ کے رہنما اسحاق ڈار سے لندن میں طویل ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور مستقبل کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین سے بات چیت کا آخری راؤنڈ نتیجہ خیز رہا۔ اس بات پر اتفاق کر لیا گیا کہ جہانگیر ترین متحدہ اپوزیشن کے امیدوار حمزہ شہباز کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب سپورٹ کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کی حمایت کرنے پر ہم جہانگیر ترین اور ان کے گروپ کے شکر گزار ہیں۔

https://twitter.com/MIshaqDar50/status/1510023167485562889

ترین گروپ کے رہنما عون چوہدری نے کہا کہ ان کے 16 ایم پی ایز متحدہ اپوزیشن کے امیدوار کو سپورٹ کریں گے۔ قبل ازیں حکمران جماعت کے نامزد امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کے بعد مسلم لیگ (ن) نے بھی تحریک انصاف کے ہم خیال (چھینہ گروپ) سے رابطہ کر لیا ۔ بتایا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے پی ٹی آئی کے ہم خیال (چھینہ گروپ )کے سربراہ غضنفر عباس چھینہ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں پنجاب میں حکومت سازی کیلئے تفصیلی گفتگو کی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ حمزہ شہباز نے وزارت اعلی کیلئے پی ٹی آئی ہم خیال گروپ سے حمایت مانگ لی ہے ۔غضنفر عباس چھینہ نے حمزہ شہباز کی درخواست پر مشاورت کے لئے وقت مانگ لیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق آنے والے دنوںمیںحمزہ شہباز کی تحریک انصاف ہم خیال (چھینہ گروپ )کے اراکین سے ملاقات بھی متوقع ہے ۔
مزیدخبریں