مسئلہ کشمیر: ٹرمپ ثالثی کی پیشکش پر قائم، عمران خان اور مودی کی تعریف بھی کی

07:03 AM, 2 Aug, 2019

نیا دور
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ وہ وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرچکے ہیں اور ان کے خیال میں دونوں ہی زبردست انسان ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر اپنی ثالثی کی پیشکش پر قائم ہوں، میرے خیال میں عمران خان اور مودی بہترین لوگ ہیں اور دونوں کی آپس میں اچھی بات چیت ہوگی۔

امریکی صدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں پاکستان سے تو بات کی ہی ہے اور بھارت کے ساتھ بھی بلا تکلف انداز میں بات کی ہے، اگر دونوں ممالک چاہیں کہ کوئی مداخلت کرے یا مدد کرے تو امریکا کرسکتا ہے تاہم مودی پر منحصر ہے کہ وہ پیشکش کو قبول کرتے ہیں یا نہیں۔



دوسری جانب حمزہ بن لادن کی ہلاکت پر ڈونلڈ ٹرمپ نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا اور صرف اتنا کہا کہ وہ امریکا کو دھمکیاں دیتا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے امریکا کا کامیاب دورہ کیا جس میں انہوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی تھی۔

اس موقع پر امریکی صدر نے عمران خان کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ثالثی کی پیشکش کی تھی جس پر وہ اب بھی برقرار ہیں لیکن بھارت کی جانب سے اس پیشکش کو اب تک قبول نہیں کیا گیا ہے۔
مزیدخبریں