’اس سے پہلے بھی تین بار میرا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کیا جا چکا ہے‘

01:02 PM, 2 Dec, 2019

نیا دور
سوشل میڈیا پر سرگرم پاکستان تحریک انصاف کے کارکن ڈاکٹر فرحان ورک کا اکاؤنٹ آج ٹوئٹر نے ’قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر‘ معطل کر دیا ہے۔



ٹوئٹر کی جانب سے فرحان ورک کا اکاؤنٹ معطل کرنے کے کچھ دیر بعد ہی RestoreFarhanKVirk# کے ساتھ متعدد ٹویٹس سامنے آنا شروع ہوگئیں اور یہ ہیش ٹیگ ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز میں آگیا۔ اس ہیش ٹیگ کے ذریعے ٹوئٹر سے فرحان ورک کا اکاؤنٹ بحال کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔



اس کی ممکنہ وجوہات کے بارے میں بات کرتے ہوئے فرحان ورک نے بی بی سی  کو بتایا کہ ’یہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ میرا اکاؤنٹ ٹوئٹر کی جانب سے معطل کیا گیا ہو، اس سے پہلے بھی تین بار میرا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کیا جا چکا ہے۔‘

فرحان ورک کا یہ بھی کہنا تھا ’میرے خیال میں ہر بار کی طرح اس بار بھی ٹوئٹر نے انڈین ٹوئٹر صارفین کی جانب سے زیادہ تعداد میں رپورٹ کیے جانے کی وجہ سے میرا اکاؤنٹ معطل کیا ہوگا۔‘

فرحان ورک کا کہنا ہے کہ انھیں نہیں لگتا کہ ان کے اکاؤنٹ کی معطلی کا تعلق پیر کو پاکستانی انگریزی اخبار ڈان میں شائع ہونے والی اس خبر سے ہے جس میں انھیں ’ہیش ٹیگ کا سوداگر‘ کا لقب دیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  ’ایک منظم مہم کے تحت کسی ہیش ٹیگ کو ٹرینڈ کروانا ٹوئٹر قواعد کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ اور یہ صرف پاکستان میں نہیں ہوتا بلکہ جنوبی کوریا کے میوزیکل بینڈ بی ٹی ایس کے مداح ہر روز ہی بینڈ سے متعلق ہیش ٹیگ دنیا بھر میں ٹرینڈ کرواتے ہیں۔‘
مزیدخبریں