اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو چیلنج کرنے کا اعلان

اکبر ایس بابر نے کہا کہ کیسے الیکشن ہوئے؟کیسے نتائج آئے ہیں سب کے سامنے ہیں۔ ہم نے گزشتہ روز ووٹر لسٹ مانگی تھی جونہیں دی گئی۔ تیار شدہ نتائج کا اعلان کرکے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی۔ ہم انٹرا پارٹی الیکشن کو تسلیم نہیں کرتے۔

02:13 PM, 2 Dec, 2023

نیا دور

 تحریک انصاف کے ناراض بانی رکن اکبر ایس بابر نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کو مستردکرتے ہوئےکہا کہ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کریں گے۔

اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی انتخابات میں بے ضابطگی کے پیش نظر الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی جائے گی۔ آج ہفتے کو الیکشن کمیشن آفس بند ہوتا ہے لہٰذا آئندہ چند دنوں میں چیلنج کریں گے۔

اکبر ایس بابر نے دعویٰ کیا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد ہم پی ٹی آئی کا حصہ اور بانی رہنما ہیں۔ میں نے گزشتہ روز اپنے تحفظات کااظہار کیاتھا۔ میرے تحفظات سچ ثابت ہوئے۔

اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ کیسے الیکشن ہوئے؟کیسے نتائج آئے ہیں سب کے سامنے ہیں۔ ہم نے گزشتہ روز ووٹر لسٹ مانگی تھی جونہیں دی گئی۔ تیار شدہ نتائج کا اعلان کرکے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی۔ انٹرا پارٹی الیکشن کا جو بھی حصہ تھا اس نے خود کو بے نقاب کیا۔

اکبر ایس بابر نے کہا کہ انٹراپارٹی الیکشن کہاں ہوئے؟ مقام بھی چھپایا گیا۔ہم انٹرا پارٹی الیکشن کو تسلیم نہیں کرتے۔ انٹراپارٹی الیکشن جمہوریت کے ساتھ مذاق ہے۔ پی ٹی آئی شفاف ادارہ بننے تک ہماری جنگ جاری رہے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ آج شام کو انٹرا پارٹی انتخابات کے سلسلے میں اہم پریس کانفرنس کرنے جا رہا ہوں۔قوم کے سامنے انٹرا پارٹی الیکشن میں ہونے والی بے ضابطگیاں رکھوں گا۔

دوسری جانب پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کے لیے کام کرنے والی غیر سرکاری این جی او پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹیو ڈویلمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی ( پلڈاٹ) کے سربراہ احمد بلال محبوب نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے انٹرا پارٹی الیکشن کو متنازع قرار دیدیا۔

پلڈاٹ کے سربراہ احمد بلال محبوب نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی جماعتیں فری اینڈ فیئر انتخابات کی باتیں کرتی ہیں لیکن سیاسی جماعتوں کے انٹرا پارٹی الیکشن میں شفافیت نظر نہیں آتی۔ مجھے نہیں لگتا کہ انٹرا پارٹی انتخابات اچھے طریقے سے ہوئے ہیں۔ عجلت میں الیکشن کرانا پی ٹی آئی کے حق میں نہیں۔ مجھے لگتا ہےکہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن متنازع ہیں۔

احمد بلال محبوب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن میں ووٹرز لسٹ نہیں دی گئی۔ اکبر ایس بابر کو مقابلہ کرنے کا پورا موقع دیا جانا چاہیے تھا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے احکامات پر انتخابات میں بلے کا نشان حاصل کرنے کے لیے انٹرا پارٹی انتخابات کروائے جس میں عمران خان نے حصہ نہیں لیا۔ پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات میں گوہر خان بلا مقابلہ چیئرمین اور عمر ایوب مرکزی جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔

مزیدخبریں