ایف آئی اے نے صحافی عمران ریاض خان کو گرفتار کرلیا

ایف آئی اے نے صحافی عمران ریاض خان کو گرفتار کرلیا
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سینئر صحافی و ٹی وی میزبان عمران ریاض خان کو ایئر پورٹ سے گرفتار کر لیا۔ عمران ریاض خان کا موبائل فون اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔

ایف آئی اے کی ٹیم  نے صحافی عمران ریاض کو لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے گرفتار کیا۔ عمران ریاض نے لاہور سے دبئی کے لئے روانہ ہونا تھا۔

عمران ریاض خان کو متنازع بیان دینے پر گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق عمران ریاض خان کو آج مقامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

عمران ریاض خان کے وکیل میاں علی اشفاق نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عمران ریاض کو وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے گرفتار کیا۔

وکیل کا مزید بتانا تھا کہ عمران ریاض کو لاہور ائیر پورٹ سے حراست میں لیا گیا۔ ان پر درج مقدمے کی تفصیل نہیں بتائی جا رہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ایف آئی اے کی گرفتاری خلاف قانون ہے۔عدالتی فورم پر مقابلہ کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں بھی عمران ریاض خان کو اسلام آباد جاتے ہوئے اٹک میں درج بغاوت کے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا تھا، تاہم چند روز بعد لاہور ہائی کورٹ نے ان کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر ضمانت منظور کر لی تھی۔