'بشریٰ بی بی کو رعایت بلاوجہ نہیں ملی، سلطانی گواہ بن سکتی ہیں'

اگرچہ ریکارڈ پر بشریٰ بی بی کی جانب سے رعایت مانگنے سے متعلق کوئی تحریری درخواست تو موجود نہیں تاہم انہوں نے اس رعایت پر رضامندی کا ضرور اظہار کیا۔ بشریٰ بی بی اس رعایت کو مسترد کر سکتی تھیں جیسے مریم نواز نے کی تھی۔

11:25 AM, 2 Feb, 2024

نیا دور
Read more!

اسلام آباد میں مارگلہ روڈ پر اپنی رہائش گاہ میں بشریٰ بی بی کی کسی سے ملاقات ہوئی اور کہا جا رہا ہے اسی ملاقات میں انہیں یہ رعایت دی گئی۔ آنے والے دنوں میں پتہ چلے گا کہ انہیں یہ رعایت کیوں دی گئی ہے تاہم یہ طے ہے کہ یہ رعایت بلاوجہ نہیں دی گئی۔ اس رعایت کی بنا پر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ شاید مستقبل میں عمران خان کے خلاف کسی کیس میں وہ سلطانی گواہ بن جائیں۔ یہ کہنا ہے صحافی آصف بشیر چوہدری کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں انہوں نے کہا اگرچہ ریکارڈ پر بشریٰ بی بی کی جانب سے رعایت مانگنے سے متعلق کوئی تحریری درخواست تو موجود نہیں تاہم انہوں نے اس رعایت پر رضامندی کا ضرور اظہار کیا۔ بشریٰ بی بی اس رعایت کو مسترد کر سکتی تھیں جیسے مریم نواز نے کی تھی۔ عمران خان کو بشریٰ بی بی کے رعایت لینے پر اس صورت میں اعتراض ہو سکتا تھا اگر انہوں نے خود ریاست سے کوئی رعایت نہ لی ہوتی۔

سینیئر صحافی مبشر بخاری کے مطابق اگرچہ پی ٹی آئی کے اکثر سپورٹرز بشریٰ بی بی کے حمایتی ہیں مگر ایسی صورت میں جب عمران خان خود جیل میں ہیں اور بشریٰ بی بی کو گھر میں نظربند رکھا گیا ہے تو اس پر بہت سے سازشی نظریات جنم لیتے ہیں۔ تحریک انصاف کی میڈیا سٹریٹجی حیران کن ہے۔ لوگوں کو بیرون ملک نمبروں سے وٹس ایپ پر ٹیکسٹ اور وائس میسج آ رہے ہیں کہ آپ تحریک انصاف کو ووٹ دیں۔

میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتہ کی رات 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں