براڈ شیٹ کیس: پاکستان نے امریکی کمپنی کو 29 ملین ڈالر کی ادائیگی کردی

09:35 AM, 2 Jan, 2021

نیا دور
وفاقی کابینہ نے واشنگٹن میں قائم اثاثے بازیافت کرنے کی فرم براڈ شیٹ ایل ایل سی کو 2کروڑ 87 لاکھ ڈالر ہرجانے کی ادائیگی کی منظوری کے بعد حکومت کی جانب سے اسے ادا کر دیا گیا ہے اور اسی کے ساتھ ہی لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے اکاؤنٹس منسلک کرنے کے برطانوی عدالت کے فیصلے کو بھی چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دوسری جانب فرم براڈشیٹ نے حکومت پاکستان سے 29 ملین ڈالر ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے بقیہ رقم کا بھی مطالبہ کر دیا ہے۔

لندن ہائیکورٹ کے حکم پر حکومت پاکستان نے برطانوی فرم براڈشیٹ  کو یہ رقم ادا کی ہے تاہم فرم کا مؤقف ہے کہ 3 ملین ڈالر مزید اور اُس پر 5 ہزار ڈالر روزانہ سود کی مد میں ادائیگی باقی ہے۔


برطانوی فرم کا  کہنا ہےکہ بقیہ رقم کی ادائیگی تک یہ رقم 5 ہزار ڈالر روزانہ کی بنیاد پر سود بڑھتا رہے گا۔

دریں اثنا نیب کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ بیورو نے اس نقصان اور خفت کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ نیب، دیگر سرکاری محکموں اور برطانیہ میں پاکستان ہائی کمیشن کے کچھ عہدیداروں سے تحقیقات کی جائیں گی، انہوں نے مزید کہا کہ نیب کے چیئرمین جاوید اقبال بیورو کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس بھی منعقد کر رہے ہیں تاکہ اس تمام معاملے میں ملوث ذمے داران کا تعین کیا جا سکے۔
مزیدخبریں