'بشریٰ بی بی خاتون خانہ ہیں کوئی مریم نواز نہیں'

07:22 AM, 2 Jan, 2023

نیا دور
حال ہی میں ‘مرشد’ یعنی سابق خاتون اول بشریٰ بی بی  کی اپنے ‘خاص’ مُرید زلفی بخاری کے ساتھ آڈیو لیک ہو جانے کے بعد  عمران خان  اپنی اہلیہ کا دفاع کرنے لگے اور  بشریٰ بی بی کا موازنہ نواز شریف کی صاحبزادی  مریم نواز سے کر ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی خاتون خانہ ہیں، وہ کوئی مریم تو نہیں جو بناؤ سنگھار کرے۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو میں عمران خان  نے مریم نواز  کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی گھر سے باہر صرف پاگل خانوں اور لنگر خانوں میں جاتی تھیں، بشریٰ بی بی کوئی مریم نواز تو نہیں جو بناؤ سنگھار کرے۔مریم نواز کی سرجری پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی خاتون خانہ ہیں، ہم آڈیو لیکس سے اپنی نوجوان نسل کو کیا پیغام دے رہے ہیں؟

دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی اور اہلیہ بشریٰ بی بی کی کردار کشی پر کمزور موقف پیش کرنے پر پارٹی ترجمانوں کا ہنگامی اجلاس آج دوپہر تین بجے طلب کر لیاہے ۔

عمران خان نے ہر صورت آج دوپہر تین بجے پارٹی اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے ۔ ترجمان کو جہاں بھی ہیں وہیں سے آن لائن شریک ہونے کی ہدایت جاری کر دی ۔عمران خان سوشل میڈیا پر اپنے اور اہلیہ کے خلاف چلنے والی کمپین پر پارٹی ترجمانوں سے ناراض ہیں ۔ عمران خان کا پیغام ترجمانوں کو پہنچایا گیا کہ بشریٰ بی بی کی کردار کشی پر پارٹی ترجمانوں کا موقف کافی کمزور ہے۔ بشریٰ بی بی اور عمران خان کا دفاع کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اجلاس میں پوچھا جائے گا کہ مضبوط موقف میڈیا کے سامنے کیوں نہیں لایا جارہاہے ۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ذلفی بخاری کی آڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ گھڑیوں کی فروخت سے متعلق کہہ رہی ہیں۔

اس کے علاوہ بھی بشریٰ بی بی کی مبینہ آڈیو سامنے آئی ہے  جس میں سابق خاتون اول اور عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اپنے ‘خاص’ مرید زلفی بخاری سے کچھ نہایت ذاتی نوعیت کے گلے شکوے کر رہی ہیں۔ اس تازہ ترین آڈیو میں وہ زلفی بخاری سے گلہ کر رہی ہیں کہ زلفی نے ان سے فاصلے پیدا کر لیے ہیں جس کے جواب میں زلفی بخاری کہتے ہیں کہ میں نے نہیں بلکہ آپ نے مجھے خود سے دور کر دیا ہے۔

کہا جا رہا ہے کہ یہ محض ایک اور آڈیو لیک نہیں ہے بلکہ اس میں اشارے مل رہے ہیں کہ سابق خاتون اول بشریٰ بی بی اور زلفی بخاری میں خاصی قربتیں پائی جاتی ہیں یا جس زمانے کی یہ آڈیو کال ہے اس زمانے میں دونوں خاصے قریب تھے۔
مزیدخبریں