پی ٹی آئی ریلی کے راستے میں عمران خان مخالف بینرز آویزاں کر دئیے گئے

09:24 AM, 2 Jul, 2022

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر قیادت راولپنڈی کے مری روڈ پر ریلی کی قیادت سے قبل راستے میں عمران خان کے خلاف بینرز آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے دور حکومت میں ہونے والی کرپشن کے الزامات کے حوالے سے یہ بینر گزشتہ شب لگائے گئے۔

رنگ روڈ پر لگے بینرز پر ’کرپشن میں ملوث پی ٹی آئی بے نقاب‘ لکھا گیا ہے۔ ایک اور بینر’ پاکستان کا قرض 80 فیصد بڑھا کر خود مختاری کی باتیں کرنے والا بہروپیہ ہے‘ تحریر ہے۔



ایک بینر پر" کمیشن ایجنٹ فرح گوگی عوام کا پیسہ لے کر کہاں گئی عمران خان جواب دو" تحریر ہے۔



ایک اور بینر پر لکھا ہے کہ پانچ سال میں عمران خان کے اثاثوں میں ڈھائی سو فیصد اضافہ ہوا،میرا تحفہ میری مرضی سرٹیفائیڈ چور،’راولپنڈی اسلام آباد کے عوام عمران خان کو مسترد کرتے ہیں‘ تحریر ہے۔



اس کے علاوہ بھی کئی بینرز لگائے گئے ہیں جس میں عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان کے خلاف عائد الزامات تحریر ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ انشااللہ آج 2جولائی پریڈ گراؤنڈ میں جلسہ تاریخی ہوگا، میں راولپنڈی سے پریڈ گراؤنڈ تک ریلی کی قیادت کروں گا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ جلسہ سیاسی عدم استحکام، سخت گرم موسم میں لوڈشیڈنگ اور پیٹرول قیمتوں میں اضافے کیخلاف ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف آج (ہفتہ کو ) پریڈ گراؤنڈ میں حکومت مخالف احتجاج کرنے جارہی ہے، پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کا موضوع’ چوروں کو ریلیف، عوام کو تکلیف’ رکھا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کو دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں عوامی جلسے کا این او سی جاری کردیا گیا ہے۔اسلام آباد انتظامیہ نے این او سی میں کہا ہے کہ احتجاج کے دوران ریاست کے خلاف نعرے بازی نہیں ہوگی، پریڈ گراؤنڈ میں احتجاج مقررہ وقت میں ختم کرنا ہوگا اور دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
مزیدخبریں