پاکستانی نژاد برطانوی باکسر دو مرتبہ عالمی چیمپئن کا ٹائٹل حاصل کرنے کے علاوہ اولمپک میں سلور میڈل بھی اپنے نام کر چکے ہیں اور اب وہ ورلڈ ٹائٹل مقابلے میں بھارت کے قومی باکسنگ ہیرو اور ایشین چیمپئن نیراج گویت کا سامنا کریں گے۔
دونوں نوجوان باکسرز نے ورلڈ باکسنگ چیمپئن شپ کے اس پرل بیلٹ مقابلے کے لیے ایک دوسرے کو شکست دینے کے بھرپور دعوے کیے ہیں۔
عظیم مسلمان کھلاڑی اور باکسر محمد علی کے بعد باکسنگ کی دنیا میں ایک منفرد پہچان حاصل کرنے والے باکسر عامر خان جدہ کے کنگ عبداللہ سپورٹس سٹی میں اپنی مکے بازی کا جادو دکھاتے ہوئے دکھائی دیں گے۔
عامر خان نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے، ہم سعودی عرب کی جانب سے اس مقابلے کی اجازت پر ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کے انتہائی شکر گزار ہیں۔
واضح رہے کہ ایسا پہلی بار ہو گا کہ ایک پاکستان نژاد برطانوی باکسر کسی مقابلے میں بھارتی باکسر کا مقابلہ کرے گا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یہ فائٹ دونوں ملکوں کو کھیلوں کے میدان میں ایک دوسرے کے قریب لانے میں معاون ثابت ہو گی۔
نیراج گویت نے اس فائٹ کے بارے میں کہا ہے، وہ بھارت میں باکسنگ کو فروغ دینے کے لیے سرگرم عمل ہیں اور سعودی عرب میں عامر خان کے ساتھ فائٹ کے لیے نہایت پرجوش ہیں جو باکسنگ کی دنیا کا ایک معتبر حوالہ ہیں اور مجھے یقین ہے کہ دنیا اس تاریخی مقابلے کی منتظر ہو گی۔
یہ مقابلہ سعودی حکومت کے ویژن 2030 کے تحت ہو رہا ہے جو اپریل 2016 میں متعارف کروایا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے محض 17 برس کی عمر میں باکسنگ کا آغاز کیا اور اپنے شاندار کھیل سے جلد ہی عالمی منظرنامے میں اپنا ایک منفرد مقام بنا لیا۔ وہ 2004 میں ایتھنز اولمپکس میں سلور میڈل حاصل کرنے میں بھی کامیاب رہے۔
عامر خان نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کے دوران 38 فائٹس کی ہیں۔ وہ دو مرتبہ عالمی چیمپئن بنے ہیں اور انہوں نے اس دوران مارکوس میڈانا، ڈینی گارشیا، زاب جوڈھا، سائو الوریز جیسے باکسرز کا سامنا کیا ہے۔