پاکستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3938 افراد میں کرونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 78 افراد اس وبا کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔
وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اب ملک میں کرونا کے مصدقہ متاثرین کی کُل تعداد 76398 جبکہ ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 1621 ہو گئی ہے۔
ملک بھر میں کرونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کی کُل تعداد 27110 ہو چکی ہے۔
کرونا وائرس کی ابتدا سے اب تک پاکستان میں ایک دن میں مریضوں کی تعداد میں سب سے بڑا اضافہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سامنے آیا ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 29647 مصدقہ متاثرین کے ساتھ صوبہ سندھ ملک کا سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے جبکہ 540 مجموعی اموات کے ساتھ صوبہ پنجاب سرِفہرست ہے۔
اب تک سندھ میں 503 اور پنجاب میں کرونا سے 497 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 482 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 47، اسلام آباد 28 ، گلگت بلتستان میں 11 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں