وبا کے دنوں میں گرفتاریاں: نیب کی ٹیم کا پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ شہباز شریف کی رہائش گاہ پر چھاپہ

01:05 PM, 2 Jun, 2020

نیا دور


نیب کی ٹیم نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری کےلیے ماڈل ٹاؤن لاہور میں واقع ان کے گھر پر چھاپا مارا ہے۔

نیب کی ٹیم پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ شہباز شریف کی گرفتاری کےلئے ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔ معاملے کا علم ہوتے ہی مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی موقع پر پہنچ گئیں اور اسکے بعد اب مسلم لیگ ن کی دیگر قیادت جن میں رانا مشہود عمران ںذیر وغیرہ شامل ہیں موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق اب مسلم لیگ ن کے کارکنان بھی وہاں جمع ہو رہے ہیں۔

نیب کی ٹیم کے ساتھ  پولیس کی بھاری نفری بھی شباز شریف کے گھر کے باہر پہنچ کی ہے جس میں اینٹی رائٹ فورس کے جوان موجود ہیں۔

نیب نے سابق وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف کو آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں طلب کیا تھا تاہم وہ پیش نہ ہوئے۔ شہباز شریف نے نیب میں پیش نہ ہونے کے حوالے سے تفصیلی جواب بھجواتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ 69 سال کی عمر کو پہنچ چکے ہیں اور کینسر کے مریض ہیں۔ جبکہ لاہور سمیت ملک بھر میں کرونا وائرس پھیل رہا ہے جس کے باعث وہ نیب میں پیش نہیں ہوسکتے، لہذا نیب نے جو تحقیقات کرنی ہیں وہ ویڈیو لنک اور اسکائپ کے ذریعے جواب لے سکتا ہے۔

 

شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ہے جس پر سماعت کل ہوگی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ان کا کیس سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔

صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف سمیت دیگر ن لیگی رہنماؤں کو بدترین انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، شہباز شریف کی گرفتاری حیلے بہانوں سے کرنی ہیں تو کریں، یہ گرفتاریاں کرتے کرتے تھک جائیں گے لیکن ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، عدلیہ اپنا کردار ادا کرے گی۔



مزیدخبریں