پاکستان کے 3 ٹکڑے کا خواب دیکھنے والے کے دماغ اور سیاست کے 300 ٹکڑے ہوں گے، مریم نواز

11:03 AM, 2 Jun, 2022

نیا دور
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کو اقتدار چلے جانے پر پاگل پن کے دورے پڑتے ہیں، پاکستان کے تین ٹکڑے کا خواب دیکھنے والے کے دماغ اور سیاست کے 300 ٹکڑے ہوں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کے متنازعہ بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کل رات فتنا خان کا بیان سنا جس پر ساری قوم کو غصہ ہے، چیئرمین تحریک انصاف کا بیان قابل مذمت ہے، عمران خان اقتدار کے لیے ہوش کھو بیٹھے ہیں، حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ دماغی اور نفسیاتی امراض کے لئے ایک ٹیم تشکیل دے جو ان کا معائنہ کرے، ان کا ملک میں کھلےعام گھومنا خطرے سےخالی نہیں ہے، اقتدار چلے جانے پر انہیں پاگل پن کے دورے پڑتے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران نیازی وہ جس مینڈیٹ کا یہ سوگ منا رہے ہیں یہ کبھی ان کا تھا ہی نہیں، عمران نیازی نےغیر آئینی طریقے سے مینڈیٹ چھینا تھا، ملک کے تین ٹکڑے کہنے پر نیازی کے منہ میں خاک، ان کو یہ نظریہ گولڈ اسمتھ نے دیا یا اسرائیل نے، تین ٹکڑے کا خواب دیکھنے والے کے دماغ اور سیاست کے 300 ٹکڑےہوں گے، اور یہ ملک قائم رہے گا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اقتدار کی خاطر کسی شخص کو اتنا بوکھلاہٹ کا شکار ہوتے نہیں دیکھا، اور کبھی کسی سیاسی جماعت نے ملک کے تین ٹکڑوں کا اعلان نہیں کیا، سیاستدانوں نے قید و بند کی صوبتیں برداشت کیں، نواز شریف کو 3 بار اقتدار سے نکالا گیا، 2 بار جلا وطنی برداشت کی، انہیں عمر قید کی سزائیں سنائی گئیں، ان کے ہاتھ جہاز کی سیٹ سے باندھے گئے، ان کو بیٹی کے سامنے گرفتار کیا گیا اور ڈیتھ سیل میں پھینکا گیا، نواز شریف بیمار بیوی کو چھوڑ کر وطن واپس آئے،لیکن پھر بھی ان کی ہر بار آواز آئی پاکستان زندہ باد، پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار بھٹو کو شہید کیا گیا، بے نظیر کو شہید کیا، ان پر بھی مشکلات آئیں لیکن آواز آئی۔ جب کہ عمران خان کو تو ابھی ہاتھ ہی نہیں لگے، ان کو کسی نے کچھ کہا ہی نہیں، لیڈر ملک و قوم کو جوڑتے ہیں، توڑنے کی باتیں نہیں کرتے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایٹمی پروگرام کو رول بیک کرنے کی بات کی، جب ذوالفقار بھٹو نے ایٹمی پروگرام کا خواب دیکھا تھا تب عمران نیازی باہر عیاشی کر رہے تھے، جب نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کیے تب بھی عمران خان باہر عیاشی کررہے تھے، پاکستان کو اٹامک ملک بنانے کے لیے نواز شریف نے قربانیاں دیں، عمران خان کا اقتدار چلا گیا تو ایٹمی پروگرام سے متعلق ایسی باتیں کرنے لگے ہیں، اس فتنے سے کوئی نہیں بچا، سپہ سالار جب آپ کے ساتھ کھڑے تھے تو وہ عظیم تھے، جب سپہ سالار الگ ہوئے تو میر صادق اور میر جعفر ہوگئے، ہم نے بھی فوج پر تنقید کی تھی لیکن ہم نے مثبت تنقید کی، پاک افواج پاکستان کی سرحدوں کی رکھوالی ہیں، کہتے ہیں ہمارے لئے عدالتیں رات کو کھولی گئیں، تو جواب ہے کہ آپ نے آئین توڑا تھا، عدالتیں اس لیے رات کو کھلیں، آئین توڑنے کی جزا میں ہار ڈالنا نہیں بنتا۔

نائب صدر ن لیگ نے کہا کہ عمران خان اقتدار کے ابتدائی دنوں میں ناکام ہوئے اور 30 دن میں بے نقاب ہوگئے، عمران خان نے کسی کے کہنے پر سی پیک کو بند کرنا تھا، جو خود کو سیاسی لیڈر کہتے تھے آج ضمانتی ہوگئے ہیں، اب وہ اپنی ناکامی کا ملبہ ملک پر ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں، انہوں نے اب اپنی توپوں کا رخ پاکستان کی سالمیت کی طرف کر دیا ہے، اپنی نالائقی کی وجہ سے پوری دنیا سے لڑا دینا کیا صحیح فیصلہ ہے، رانا ثنااللہ کے ڈر کر بھاگنے والے اب عدلیہ کو سیاست میں گھسیٹ رہے ہیں کہ لانگ مارچ میں میری مدد کرو۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو شخص اقتدار میں رہتے ہوئے پاکستان کی تباہی تھا، آج اس کو مہنگائی یاد ٓگئی، وہ کہتے تھے آلو پیاز ٹماٹر کے ریٹ پتہ کرنے نہیں آیا، آج انہیں آلو پیاز کے ریٹ یاد آگئے، اب خیبرپختونخواہ کے وسائل پر جونک بن کر بیٹھا ہے، اپنے بچے بیرون ملک بیٹھے ہیں ار لوگوں کے بچے مروا رہے ہیں، نواز شریف کی بیٹی ہوں ڈیتھ سیل میں رہ کر آئی ہوں آپ بھی اپنے بچے پاکستان لائیں اور اپنی جدوجہد میں شامل کریں۔ عوام سے کہتی ہوں میری حمایت نہ کریں اور نہ ہی حکومت کو اسپورٹ کریں لیکن پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوجائیں، ہمیں اس فتنے اور شر سے ملک کو بچانا ہے۔
مزیدخبریں