'بے گناہ ہوں'، چوہدری پرویزالہٰی نے خود کو بے گناہ قرار دیدیا

08:35 AM, 2 Jun, 2023

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر  اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کے لیے پیغام ہے کہ وہ تگڑے رہیں۔ ہم حق اور سچ پرہیں۔ایک دم ڈٹ جائیں۔ یہ وقت گزر جائے گا۔

لاہور کی مقامی عدالت میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کے لیے پیغام ہے کہ آپ حق اور سچ پر ہیں۔ پی ٹی آئی سے کہتا ہوں کہ ڈٹے رہنا ہے۔ بالکل پیچھے نہیں ہٹنا۔ ہم حق اور سچ پرہیں۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ مضبوط رہنا ہے۔ باقی نتیجہ اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ یہ وقت گزر جائے گا۔ میں ہمیشہ افواج پاکستان کا حامی رہا ہوں۔ ان کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ وہ دیکھیں ان کے قریب بیٹھے لوگ ملک کو کہاں لے کر جارہے ہیں۔ مجھے اپنی عدلیہ پر بھروسہ ہے۔

خود کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نےاپنے دور حکومت میں کسی کے خلاف کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا تھا۔ میں بے گناہ ہوں۔  یہ برا کر رہے ہیں اور بُرا ہی بھگتیں گے۔

ذرائع کے مطابق رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا۔ پی ٹی آئی میں ہوں اور اس میں ہی رہوں گا۔

خیال رہے کہ کہ پرویز الٰہی کو کل اینٹی کرپشن نے لاہور سے گرفتار کیا تھا۔ پرویزالٰہی کےخلاف اینٹی کرپشن میں سرکاری ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزام پر مقدمہ درج ہے۔
مزیدخبریں