سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا

11:41 AM, 2 Jun, 2023

نیا دور
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان بزدار نے سیاست سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔ سابق وزیراعلیٰ  نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی ہے۔ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کوئی شہری ایسا نہیں جو 9 مئی کے واقعات کی مذمت نہ کرے۔ 9 مئی جیسے واقعات سے گریز کرنا چاہیے۔ جن تنصیبات کو آگ لگائی گئی وہ ملکی ادارے تھے۔ جو کچھ ہوا درست نہیں ہوا۔ میں تحریک انصاف سے کنارہ کشی اختیار کررہا ہوں اور آئندہ کے لیے سیاست سے بھی دستبرداری کا اعلان کرتا ہوں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور آئندہ بھی کھڑے رہیں گے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز سے گزارش ہے کہ ملک کے بہتر مستقبل کا سوچیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مطالبہ کیا کہ بے گناہ لوگوں کے ساتھ نرمی برتی جائے اور رہا کیا جائے۔

عثمان بزدار کہنا تھا کہ میں نے تین سال پنجاب کے عوام کی خدمت کی۔ میرا ضمیر مطمئن ہے۔ 14 ماہ سے مختلف عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کررہا ہوں۔

واضح رہےکہ عثمان بزدار پی ٹی آئی کے دور حکومت میں تین سال سے زائد عرصے تک وزیراعلیٰ رہے اور پی ٹی آئی میں اکثر ان کی کارکردگی سے متعلق اختلافات کی خبریں سامنے آتی رہیں لیکن چیئرمین پی ٹی آئی انہیں اپنا وسیم اکرم پلس قرار دیتے تھے۔ اپنی حکومت کے آخری ایام عمران خان نے میں عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ سے ہٹاکر پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ مقرر کیا تھا۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1664587182340968449
مزیدخبریں