'قریشی کہہ رہے ہیں پہلے عمران کو گرفتار کریں، پھر مجھے رہا کریں'

06:01 PM, 2 Jun, 2023

نیا دور
شاہ محمود قریشی کے بارے میں اطلاعات آ رہی ہیں کہ وہ رہا نہیں ہونا چاہتے۔ وہ اسٹیبلشمنٹ سے کہہ رہے ہیں کہ جب تک عمران خان گرفتار نہیں ہو جاتے میں باہر نہیں جاؤں گا۔ میں تب جیل سے باہر جاؤں گا جب میں عمران خان کا جانشین بن چکا ہوں گا۔ اگر آپ عمران خان کو گرفتار کر لیتے ہیں تو پارٹی کا سربراہ میں بن جاؤں گا اور باہر جا کر پوری کی پوری پارٹی آپ کے حوالے کر دوں گا۔ یہ کہنا ہے سجاد انور کا۔

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں انہوں نے کہا کہ پنجاب سے پی ٹی آئی صاف ہو جائے گی اور الیکشن تک انہیں پنجاب سے ٹکٹ ہولڈر ہی نہیں ملے گا۔ اسٹیبلشمنٹ نے ماضی سے کچھ نہیں سیکھا۔ بلوچستان، قبائلی علاقہ جات، کراچی اور سندھ میں انہوں نے جو کچھ کیا اب انہیں پنجاب میں مشکل حالات کا سامنا ہے۔ عمران خان کو ٹول کے طور پر استعمال کر کے جن لوگوں کو چور ڈاکو کہتے رہے اب انہی کے پاس پہنچ گئے ہیں۔ ان کے لئے یہ مکافات عمل ہے۔

ضیغم خان نے کہا کہ پی ڈی ایم والے اسٹیبلشمنٹ کو عمران خان سے بہت بہتر انداز میں جانتے ہیں اسی لئے انہوں نے چارٹر آف ڈیموکریسی منظور کیا تھا جسے عمران خان نے ڈی ریل کرنے کی پوری کوشش کی تھی۔ عمران سمجھتے ہیں جو میرے ساتھ ہوا ہے تاریخ یہاں سے شروع ہوتی ہے، پہلے جو ہوتا رہا وہ تاریخ نہیں ہے۔ ہمیں 'تبدیلی لاؤ پروجیکٹ' کے ساتھ بھی اختلاف تھا اور اب 'تبدیلی مکاؤ پروجیکٹ' سے بھی اختلاف ہے۔ لگ رہا تھا پی ٹی آئی پاکستان کی بی جے پی بن جائے گی۔

ماروی سرمد کا کہنا تھا عمران خان شاید اب اس جانب مائل ہو رہے ہیں کہ ہم باقی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر مشترکہ مخالف اسٹیبلشمنٹ کے خلاف لڑیں لیکن ان کے ووٹر یہ بات نہیں مانیں گے کیونکہ شروع ہی سے ان کی سیاست تمام سیاسی جماعتوں کی مخالفت پر چل رہی ہے اور اب اس سے یوٹرن لینا ووٹرز کو نہیں منظور ہو گا۔ عمران خان اور ان کے سپورٹرز کو جمہوریت اور جمہوری اصولوں کی سمجھ ہی نہیں ہے۔

پروگرام کے میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی سے پیش کیا جاتا ہے۔
مزیدخبریں