تفصیلات کے مطابق سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں 60 سالہ شخص نے 12 سالہ لڑکی سے شاد ی کی ہے، اس سے پہلے بھی شادی کرنے والے شخص نے 5 شادیاں کی ہیں اور یہ اس کی چھٹی شادی ہے۔ پہلی 5 بیویوں کو طلاق دینے والے شخص نے چھٹی شادی 12 سالہ لڑکی سے کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر شادی کی خبریں اور تصاویر وائرل ہوئی تھیں جس کے بعد ہم نے کارروائی کا فیصلہ کیا کیونکہ یہ ہمارے ملک کے قانون کے خلاف ہے۔
کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ولیمے کی تقریب سے دولہے کو گرفتار کیا، اس موقعے پر چائلڈ پروٹیکشن آفیسر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ وہ اس معاملے میں ہر قسم کے ممکن اقدام کریں گے اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ابھی تک سندھ ایسا صوبہ ہے جس نے 2014 میں قانون سازی کے ذریعے 18 سال سے کم عمر بچیوں کی شادی پر مکمل پابندی عائد کر دی تھی۔ سندھ میں کم عمر لڑکی سے شادی کرنے کی سزا تین سال قید ہے۔
اسی طرح شادی کے عمل کو سہولت فراہم کرنے والے چاہے وہ والدین ہی کیوں نہ ہوں ان کی سزا دو سال قید مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ سندھ میں کم عمر بچیوں کی شادیوں کے حوالے سے قانون موجود ہونےکے باوجود بھی ایسے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ اس سے قبل بھی سندھ کے شہر جیکب آباد میں ایک ایسا ہی واقعہ پیش آیا تھا جہاں ایک 60 سالہ شخص نے 10 سالہ لڑکی سے شادی کی تھی۔