'وزیراعظم کچھ دن بعد ایک اور بڑا اعلان کرنے جا رہے ہیں'

01:09 PM, 2 Mar, 2022

نیا دور
سینئر صحافی رانا عظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کچھ دن بعد ہی ایک اور بڑا اعلان کرنے جا رہے ہیں۔ وہ اب کھل کر اپوزیشن کیخلاف کھیلنے کا فیصلہ کر چکے ہیں۔

92 نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ چودھری برادران کی عمران خان کا ساتھ نہ چھوڑنے کی باتیں اب سچ ثابت ہو رہی ہیں۔ وہ کہیں نہیں جا رہے بلکہ حکومت کیساتھ ہی رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الہیٰ کے وزیراعلیٰ بننے میں سب سے بڑی رکاوٹ نواز شریف اور مریم نواز ہیں جو آصف زرداری کے فارمولے کو کامیاب نہیں ہونے دے رہے۔

رانا عظیم نے کہا کہ جب مریم نواز کیمپ سے اس فارمولے کو سختی سے مسترد کیا گیا تو تمام چیزیں تو اسی وقت ہی واضح ہو گئی تھیں۔ گذشتہ اتوار کو مولانا فضل الرحمان نے اپنے سیاسی حلقوں میں یہ بات واضح کر دی تھی کہ ہم حکومت کے اتحادیوں کو توڑنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ اب ہم ان کے بغیر ہی وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کے پاس حکومت کو گرانے کیلئے نمبرز گیم پوری ہے لیکن ذرائع سے پتا چلا ہے کہ ان کی اس بات میں کوئی صدات نہیں ہے۔ ان کے پاس تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے بندے ہی پورے نہیں تھے۔



پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میری گذشتہ روز چودھری پرویز الہیٰ سے بڑی تفصیل کیساتھ ملاقات ہوئی تھی۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ حکومت کی پانچ سالہ مدت میں ہم ان کیساتھ کھڑے ہیں۔ اگر حکومت عوام کو ریلیف دے تو بڑی اچھی بات ہے، ہم عمران خان کو اس کیلئے قائل کرتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چودھری برادران کو ایک خاص دیا گیا ہے، ان میں سے ایک بلدیاتی الیکشن اور دوسرا اپوزیشن کے اندر توڑ پھوڑ ہے۔ اب یہ بات سب مان رہے ہیں کہ اگر پاکستانی سیاست کا محور کوئی گھرانہ ہے تو وہ چودھری برادران کا ہی ہے۔ حتیٰ کہ مسلم لیگ ن کے اراکین بھی ان کیساتھ رابطے میں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں رانا عظیم نے کہا کہ اب اپوزیشن کو ہر صورت تحریک عدم اعتماد لانا پڑے گی، اب فیصلہ انہوں نے کرنا ہے کہ اسے وزیراعظم عمران خان کیخلاف لایا جاتا ہے یا سپیکر اسد قیصر کیخلاف۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم عمران خان اسی ماہ ایک اور بڑا اعلان کرنے جا رہے ہیں، اس کے بعد اپوزیشن کی جانب سے مہنگائی کیخلاف جو واویلہ کیا جا رہا ہے، وہ دم توڑ جائے گا۔
مزیدخبریں