سینیٹ کی 6 خالی نشستوں کے لیے پولنگ 14 مارچ کو ہو گی

یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفور حیدری، نثار کھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفراز بگٹی کی نشستیں خالی ہوئی ہیں۔

12:39 PM, 2 Mar, 2024

نیا دور

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کی 6 خالی نشستوں پرانتخاب کا شیڈول جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن کے مطابق سینیٹ کی 6 خالی نشستوں پر الیکشن 14 مارچ کو ہوگا۔ سینیٹ کی نشستوں کیلئے کاغذاتِ نامزدگی 2 سے 3 مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے۔

امیدواروں کی فہرست 3 مارچ کو آویزاں کی جائے گی اور کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 5 مارچ کو ہوگی۔

شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی پر اپیلیں 7 مارچ تک جمع کرائی جاسکیں گی اور ٹربیونلز 9 مارچ تک اپیلیں نمٹائیں گے اور اسی روز امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری ہو گی۔ جبکہ کاغذاتِ نامزدگی 10 مارچ تک واپس لیے جاسکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق سینیٹ نشستوں کیلئے پولنگ قومی اسمبلی، سندھ اسمبلی اور بلوچستان اسمبلی میں ہوگی۔ قومی اسمبلی کے ممبران اسلام آباد سے ایک نشست پر ممبر کو منتخب کریں گے۔

الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کے لیے 3 ریٹرننگ افسران تعینات کردیے۔ وفاق کی نشست پر اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن آر او ہوں گے۔

بلوچستان اور سندھ کی نشستوں کےلیے متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنرز آر او ہوں گے۔

واضح رہے کہ یوسف رضا گیلانی، مولانا عبدالغفور  حیدری، نثار کھوڑو، جام مہتاب، پرنس احمد عمر اور سرفراز بگٹی کی نشستیں خالی ہوئی ہیں۔ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے سینیٹ کی خالی نشستوں پر فوری انتخاب کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔

مزیدخبریں