شہباز شریف اور عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی جمع، اگلے وزیراعظم کا فیصلہ کل ہوگا

قائد ایوان کے لیے سادہ اکثریت حاصل کرنا لازمی ہے۔ 336 کے ایوان میں 169 ووٹ لینے والا وزیراعظم قرار دے دیا جائے گا۔ شہباز شریف کو 200 سے زائد ووٹ اور عمر ایوب خان کو 90 سے زائد ووٹ ملنے کی توقع ہے۔

02:35 PM, 2 Mar, 2024

نیا دور

وزیرِ اعظم کے لیے اتحادی جماعتوں کے امیدوار شہباز شریف اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی سیکریٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا دیے گئے۔

لیگی رہنما سینیٹر اسحاق ڈار نے خورشید شاہ اور حنیف عباسی سمیت اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کے ہمراہ شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پارلیمنٹ ہاؤس چیمبر میں سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرائے۔

شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ 7 تجویز کنندہ اور 7 افراد تائید کنندہ ہیں۔

اس موقع پر عطاء تارڑ، انوشہ رحمٰن، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، رومینہ خورشید عالم، کھیل داس کوہستانی، احسن اقبال، سردار یوسف اور خواجہ آصف بھی موجود تھے۔

اویس لغاری، عون چوہدری، سمیت متعدد ارکان اسمبلی بھی سیکریٹری آفس پہنچے تھے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

سنی اتحاد کونسل کے ارکان اسمبلی اسد قیصر ، علی محمد خان،عامر ڈوگر ، جنید اکبر نے عمر ایوب کے کاغذات جمع کرائے۔  سنی اتحاد کونسل کے ارکان نعرے لگاتے ہوئے سپیکر آفس پہنچے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیہ کے مطابق قومی اسمبلی کل نئے وزیراعظم کا انتخاب کرے گی اور اجلاس دن گیارہ بجے ہوگا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 2 مارچ دن 2 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سہ پہر 3 بجے تک عمل میں لائی جائے گی۔

رائے دہی سے قبل سپیکر امیدواروں کے نام پڑھ کر سنائیں گے۔ایک ہی امیدوار ہونے کی صورت میں اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار وزیراعظم منتخب ہوجائے گا۔دو امیدوار ہونے کے صورت میں رائے دہی کرائی جائے گی۔اگر کوئی امیدوار  اکثریت حاصل نہ کر سکا تو دوبارہ رائے شماری ہو گی۔

رائے دہی سے قبل پانچ منٹ تک ایوان میں گھنٹیاں بجائی جائیں گی ۔گھنٹیاں بجانے کے بعد قومی اسمبلی ایوان کے دروازے مقفل کر دیے جائیں گے۔رائے شماری کے عمل کے بعد سیکرٹری تقسیمی فہرست جمع کروائے گا۔ ووٹنگ کے اختتام پر سپیکر نتائج کا اعلان کرے گا۔

قائد ایوان کےلیے سادہ اکثریت حاصل کرنا لازمی ہے۔ 336 کے ایوان میں 169 ووٹ لینے والا وزیراعظم قرار دے دیا جائے گا۔

شہباز شریف کو 200 سے زائد ووٹ اور عمر ایوب خان کو 90 سے زائد ووٹ ملنے کی توقع ہے۔

مزیدخبریں