’قبائلی عوام کو اکسانے کی سازش کی جا رہی ہے جس کے لیے بیرونی فنڈنگ ہو رہی ہے‘

11:00 AM, 2 May, 2019

نیا دور
مہمند: وزیر اعظم عمران خان نے مہمند ڈیم کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار بھی شریک تھے۔

تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خا ن کا کہنا تھا کہ قبائلی عوام کو اکسانے کی سازش کی جا رہی ہےجس کے لیے بیرونی فنڈنگ کی جا رہی ہے،تمام پاکستان کو دوبارہ انتشار سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ تمام صوبے قبائلی عوام کی آبادکاری اور بحالی میں مدد کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ 60ء کی دہائی میں پاکستان ایشیاء میں تیزی سے ترقی کر رہا تھا،آج ہم سب سے پیچھے رہ گئے باقی برصغیر آگے نکل گیا ہے، 60ء کی دہائی میں جب ڈیم بنے تو ایک ڈکٹیٹر ایوب خان حکمران تھے، لاہور میں ایک شخص پر 70 ہزار اور راجن پور کے رہنے والے پر ڈھائی ہزار خرچ ہوتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ منافق کو کافر سے بھی نیچے کا درجہ دیا گیا ہے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آپ نے وہ کام کیا جو حکومت کا تھا جوڈیشری کا نہیں، وادی تیراہ میں آج بہت بڑا جشن تھا، وادی تیراہ وہ علاقہ ہے جب امریکا اس علاقے پر قابض تھا پھر بھی وہ وہاں نہ جا سکا تھا، ہماری فوج اور مقامی لوگوں نے مل کر وہاں امن قائم کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اس ملک میں بیروزگاری اس وقت ختم ہوگی جب یہاں سرمایہ کاری ہو گی، دہشت گردی کا خاتمہ کرنے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ترقی کرنے میں چین کی مثال نہیں، چینوں کی دور کی سوچ تھی، انہوں نے اپنے ملک میں غریبوں کو اوپر اٹھایا۔

 

سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ امید ہے ڈیم وقت مقررہ اور مقررہ لاگت میں مکمل ہوگا، ڈیم بنانے میں سب سے بڑی مشکل شفافیت کی ہے، ڈیم پر خرچ ہونے والی رقم کا عوام کو علم ہونا چاہیے۔

جسٹس (ر) ثاقب نثار نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنا فرض نبھایا ہے، کسی پر احسان نہیں کیا، ڈیم فنڈ میں حصہ لینے پر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیم کے لئے زمین کا تحفہ دینے پر آپ کے احسان مند ہیں، متاثرین ڈیم سے بڑی قربانی کوئی نہیں دیتا، یہ لوگ اپنا ورثہ، اپنا مکان اور اپنے کلچر کی قربانی دے رہے ہیں۔

وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے اپنے خطاب میں کہا کہ مہمند ڈیم 54 سال پہلے بننا چاہیے تھا جو بدقسمتی سے نہیں ہوا، داسو اور بھاشا ڈیم کا بھی جلد افتتاح کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے سیاسی مفاد کی خاطر ملک کو اندھیروں میں رکھا، ملک کو لوٹنے والے حکومت چلانے کا درس دے رہے ہیں۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کرپشن کے بادشاہ کی لندن کی سڑکوں پر تصاویر نظر آرہی ہے، بیٹی، بیٹے، داماد، سمدھی سب مفرور ہیں، ٹی ٹی کے ذریعے رقم باہر بھیج دیتے ہیں۔

 
مزیدخبریں