دہلی: فلمی نغمہ نگار اور شاعر جاوید اختر نے کہا ہے کہ ملک میں اگر برقع پر پابندی لگنے کی بات ہو رہی ہے تو پہلے گھونگھٹ پر پابندی لگنی چاہئے۔
نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب میں انہوں نے کہا کہ راجھستان میں بھی لمبے گھونگھٹ پہننے کی روایت ہے۔ اس طرح کے گھونگھٹ پہننے کی روایت پر پہلے پابندی لگنی چاہئے۔
خیال رہے کہ شیو سینا نے مراٹھی زبان میں نکلنے والی اخبار ’سامنا‘ کے ایڈیٹوریل میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھارت بھر میں برقع یا حجاب پر پابندی عائد کریں۔
ایڈیٹوریل میں کہا گیا تھا کہ بھارتی حکومت کو قومی مفاد کے پیش نظر سری لنکا کی طرح یہاں بھی برقع پر پابندی عائد کردینی چاہیے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے براہ راست مرکز کی مودی حکومت کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ ملک میں آج ایک ٹرینڈ چل رہا ہے۔ اگر کوئی شخص ایک خاص فکر کا حامل نہیں ہے تو اسے ملک دشمن قرار دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔
انہوں نے خود کو کانگریس سے بھی الگ بتایا اور کہا کہ موجودہ لوک سبھا انتخابات کافی اہم ہیں اور یہ ملک کی سمت کو طے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک تنوع والا ہے اور یہاں پر اتحاد ہونا چاہئے۔