پاکستان میں کرونا بے قابو: گذشتہ 24 گھنٹے میں 47ہلاکتیں، 1200 سے زائد نئے مریض،ہسپتالوں میں بیڈ کم پڑنے لگے

06:01 AM, 2 May, 2020

نیا دور
ملک میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ بے قابو ہوتا چلا جا رہا ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹے کرونا وائرس کے حوالے سے سب سے زیادہ مہلک ثابت ہوئے ہیں جب ایک دن میں ہی 47 افراد اپنی جانوں سے گئے جبکہ 12 سو  سے زائد کیسز کا اضافہ ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق  گذشتہ روز ملک بھر سے کرونا کے مزید 1226 کیسز سامنے آئے اور 47 ہلاکتیں ہوئیں۔ جب کہ ملک میں  مصدقہ کیسز کی تعداد 17701 ہوچکی ہے۔ 

ان  میں سندھ سے 622 کیسز 6 ہلاکتیں،اسلام آباد سے 30 کیسز، خیبرپختونخوا 486 کیسز اور 39 ہلاکتیں، بلوچستان سے 87 کیسز 2 ہلاکتیں اور گلگت بلتستان سے صرف ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ پنجاب سے جمعرات کو کرونا کے مزید 513 کیسز سامنے آئے اور 6 ہلاکتیں  رپورٹ ہوئی تھیں۔

دوسری جانب مریضوں کے لئے بیڈ کم پڑنے لگے ہیں اور پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ لاہور کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ان کے ہسپتال میں  کرونا مریضوں کے لیے بیڈ کم پڑ گئے ہیں۔


جیو نیوز کے مطابق ہسپتال انتظامیہ نے مزید مریضوں کو لینے سے انکار کردیا ہے اور انتظامیہ کا کہنا ہےکہ ہسپتال میں اب تک 125 مریض زیر علاج رہ چکے ہیں اس وقت 78 مریض اسپتال میں موجود ہیں جب کہ کرونا وارڈ میں 75 مریضوں کو رکھنے کی گنجائش ہے۔


انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اس وقت اضافی بیڈز کے ساتھ 78 مریضوں کا علاج جاری ہے  لیکن اب پی کے ایل آئی میں مزید مریض رکھنے کی گنجائش نہیں ہے۔


جب کہ کرونا کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف پر وار جاری ہیں۔ بلوچستان میں 59 ڈاکٹروں سمیت 97 ہیلتھ ورکرز کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے  ہیں جب کہ دو ڈسپنسر بھائی کرونا سے لڑتے ہوئے جاں بحق ہوگئے ہیں۔ 
مزیدخبریں