کیا آپ کرونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روز گار ہیں؟: حکومت کا بے روز گار افراد کی مالی امداد کے لئے آن لائن پورٹل لانچ کرنے کا فیصلہ

06:53 AM, 2 May, 2020

نیا دور

پاکستان میں کرونا اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے بےروزگار ہونے والے افراد کے لیے ایک نیا ویب پورٹل متعارف کرایا جا رہا ہے۔


وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج ایک ایسا ویب پورٹل لانچ کریں گے جس کی مدد سے بے روز گار افراد کو امدادی رقوم ادا کی جائیں گی۔


بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ قدم کرونا اور لاک ڈاؤن سے متاثرہ لوگوں کے ریلیف کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ ایسے افراد کو 12 ہزار روپے احساس ایمرجنسی کیش کے تحت دیے جائیں گے جو ان حالات میں بےروزگار ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس پورٹل میں آن لائن درخواست دائر کی جاسکے گی جبکہ یہ پورٹل وزیر اعظم شکایت پورٹل سے ملتا جلتا ہوگا۔


یاد رہے کہ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق  اب تک 21 ہزار سے زائد ملازمت پیشہ افراد اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ یہ وہ تعداد ہے جس کا ریکارڈ دستیاب ہو سکا ہے، دیہاڑی دار طبقہ اور عارضی ملازمت کرنے والے افراد جن کے پاس اب روز گار نہیں رہا ، کی تعداد لاکھوں میں ہے اور بتایا جا رہا ہے کہ کرونا کے بحران کے سبب پاکستانی معیشت میں منفی دو تک کی کمی واقع ہوسکتی ہے جس کا مطلب ہوگا کہ 10 کروڑ افراد سطح غربت سے نیچے زندگی گزاریں گے۔

مزیدخبریں