عامر لیاقت کے پروگرام میں شرکت پر افسوس ہے: عدنان صدیقی

12:18 PM, 2 May, 2020

نیا دور
اداکار عدنان صدیقی نے عامر لیاقت کے پروگرام میں شرکت کرنے پر تاسف کا اظہار کیا ہے اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی اور اداکار عرفان خان کے خاندانوں اور چاہنے والوں سے معافی کی درخواست کی ہے۔

عدنان صدیقی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ انہیں پروگرام ’جیوے پاکستان‘ میں مدعو کیا گیا تھا اور یہ پروگرام براہِ راست نشر کیا جا رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ اس پروگرام کے دوران کہا گیا، وہ انتہائی افسوسناک تھا اور میں اس وقت اس سطح پر نہیں جانا چاہتا تھا، جس سطح کی گفتگو جاری تھی۔

عدنان صدیقی نے کہا کہ میں عرفان خان اور سری دیوی کے نہ صرف بہت قریب تھا بلکہ یہ الفاظ کسی بھی شخص کے لئے ادا کیے جانا انتہائی شرمناک بات ہے۔

https://twitter.com/adnanactor/status/1256358972761812993

ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اس مکالمے کے دوران ناخوش تھے، لیکن انہیں افسوس ہے کہ وہ اس کا حصہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ میں امید کر رہا تھا کہ یہ حصہ ٹی وی پر نہیں چلایا گیا ہوگا لیکن اسے چلا دیا گیا۔

عدنان نے کہا کہ مجھے میرا سبق مل گیا ہے اور میں آئندہ اس طرح کے تبصروں کو برداشت نہیں کروں گا۔

دو روز قبل عامر لیاقت نے اپنے پروگرام میں اچانک عدنان صدیقی سے کہا تھا کہ آپ نے بپاشا باسو اور رانی مکرجی کی جانیں بچا لیں کیونکہ آپ نے ان دونوں کے ساتھ کام کرنے سے انکار کیا جب کہ آپ نے سری دیوی اور عرفان خان کے ساتھ کام کیا تو وہ دونوں انتقال کر گئے۔ یہ تبصرہ عرفان خان کی وفات کے اگلے روز کیا گیا اور سوشل میڈیا پر اس حوالے سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا۔
مزیدخبریں