آزادی مارچ کے شرکاء کی حکومت سے مزید کنٹینرز کھڑے کرنے کا مطالبہ

11:30 AM, 2 Nov, 2019

نیا دور
اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکاء نے کنٹینرز کو پناہ گاہ بنا لیا۔ ان کا کہنا ہے کہ موسم کے اثرات سے بچاؤ اور سامان کی حفاظت کے لیے یہ بہترین جگہ ہے۔

حکومت نے اسلام آباد میں آزادی مارچ کا راستہ روکنے کے لیے کنٹینرز لگائے ہوئے ہیں۔ شرکاء نے کنٹینر میں رہائش اختیار کی ہوئی ہے۔ انھوں نے ان رکاوٹوں کو ہٹانے کے لیے زور زبردستی نہیں کی بلکہ اپنا سامان بھی یہاں لا کر رکھ دیا ہے۔

https://twitter.com/Khurmi_khk/status/1190582119594176517?s=20

ملکی تاریخ کا شائد یہ پہلا احتجاج ہے جس کے مظاہرین نے اپنے مطالبات میں  ایسی مزید رکاوٹیں کھڑی کرنے کی مانگ بھی شامل کرلی تاکہ مزید شرکاء بھی آرام کرنے یہاں آجائیں۔

مظاہرین کہتے ہیں کہ سرکاری کنٹینر بستی میں ان کا پڑاؤ تو عارضی ہے لیکن حکومت کو انہوں نے 50 لاکھ زلزلہ پروف گھروں کا مسئلہ باآسانی حل کرنے کی راہ ضرور دکھا دی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو سامان سے لدے کنٹینرز کی نقل وحمل میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا حکم  دیا ہے

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے کنٹینرز قبضے میں لینے کے خلاف درخواست پر تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔

عدالتِ عالیہ کا کہنا ہے کہ امن و امان کی صورتِ حال برقرار رکھنے کے لیے مالکان کی مرضی کے بغیر ان کے کنٹینرز قبضے میں لینا غیر قانونی ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اگر کوئی بھی کنٹینر غیر قانونی طور پر روکا یا قبضے میں لیا گیا ہے تو اس کا نقصان پورا کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلے میں مزید کہا کہ اشیاء کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والے کنٹینر پکڑنا آئین کے آرٹیکل 18 کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسا کوئی قانون نہیں جو شہریوں کو قانونی کاروبار کرنے کے حق سے محروم کرے، ریاست صرف عوام کے تحفظ، امن اور صحت کے لیے تجارت کو کنٹرول اور ریگولیٹ کر سکتی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت کنٹینرز کے ذریعے سامان کی بلا رکاوٹ ترسیل یقینی بنائے، پکڑے گئے کنٹینرز کے معاوضے کے لیے متعلقہ فورم پر رجوع کیاجائے۔

عدالتِ عالیہ کے فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ توقع ہے کہ ایسی شکایات کی وصولی کے لیے وفاقی حکومت کوئی مجاز افسر مقرر کرے گی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات کے عدالت میں دیے گئے بیان کو بھی فیصلے کا حصہ بنایا ہے جس کے مطابق سامان سے بھرا کوئی کنٹینر نہیں پکڑا گیا اور کنٹینر شفاف طریقے سے کرائے پر حاصل کیے گئے۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں جے یو آئی ف کی جانب سے نکالے گئے  آزادی مارچ کو روکنے کے لیے اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا تھا۔


آزادی مارچ روکنے کے لیے کنٹینرز کی پکڑ دھکڑ کے خلاف نجی کمپنی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس پر عدالتِ عالیہ نے فیصلہ جاری کیا ہے۔


۔
مزیدخبریں