بجلی اور تیل کی قیمتیں مزید بڑھیں گی، عوام تیار ہو جائیں، مشیر خزانہ شوکت ترین

08:43 AM, 2 Nov, 2021

نیا دور
مشیر خزانہ شوکت ترین نے عوام کو ایک بار پھر بجلی اور تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے سے خبردار کردیا۔

جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین نے کہاکہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف )نے پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی میں زیادہ اضافے کا کہا تھا مگر ہم کم اضافے پر راضی ہوئے ہیں۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ بنیادی ضرورت زندگی کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا لیکن آئی ایم ایف کا بتایا گیا اضافہ نہیں ہوگا۔

انہوں نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ تیل اور بجلی کی قیمتوں میں اتنا اضافہ نہیں ہوگا جتنا آئی ایم ایف چاہتا تھاتاہم آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید بڑھے گی، وزیراعظم جلد کسی ریلیف پیکچ کا اعلان بھی کریں گے لیکن فی الحال مہنگائی پر قابو پانا مشکل ہے۔

اس سے قبل پاکستان سنگل ونڈو تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیرخزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 سال میں عالمی تجارت بری طرح متاثر ہوئی جبکہ پیداواری لاگت اور شپنگ کے اخراجات بہت زیادہ بڑھے۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ وسیع تر اصلاحات پر مشتمل یہ نظام تجارتی سرگرمیاں بڑھائے گا، تجارتی سرگرمیوں کا جی ڈی پی اور گروتھ سے براہ راست تعلق ہوتا ہے۔ وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سنگل ونڈو گورننس اور تجارتی سرگرمیوں کا آسان ترین نظام ہے، حکومت ہر شعبے میں بہتری کے لیے اصلاحات جاری رکھے ہوئے ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی تاجروں کے لیے تجارتی مواقع بھی پیدا ہوئے، کاروباری لاگت اور وقت کی بچت سے برآمدات پر مثبت اثرات مرتب ہوئے۔

واضح رہےکہ اوگرا نے یکم نومبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 روپے تک اضافے کی سفارش کی تھی جسے وزیراعظم عمران خان نے مسترد کردیا تھا۔
مزیدخبریں